پیر، 25-مئی،2026
پیر 1447/12/08هـ (25-05-2026م)

وزیر اعظم کی چینی ہم منصب سے ملاقات، سی پیک کے اگلے مرحلے پر اتفاق

25 مئی, 2026 13:35

وزیر اعظم نے بیجنگ میں چینی وزیر اعظم لی چیانگ سے ملاقات میں پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری اور سی پیک کے اگلے مرحلے پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کے دورے کے دوران بیجنگ میں چینی وزیر اعظم لی چیانگ سے ملاقات کی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے گرمجوشی سے استقبال پر چینی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور دونوں ممالک کی دوستی باہمی اعتماد، امن اور خوشحالی کے مشترکہ عزم پر قائم ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم نے بہتر کارکردگی والی وزارتوں کو ترقیاتی فنڈز دینے کی پالیسی منظور کرلی

دونوں رہنماؤں نے بنیادی قومی مفادات کے تمام امور پر ایک دوسرے کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری یعنی سی پیک نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں انقلابی کردار ادا کیا ہے اور اب اس کے اگلے مرحلے پر اعلیٰ معیار کے ساتھ عملدرآمد کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے چین کے پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے اور اڑان پاکستان پروگرام کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے چین کی مستقل حمایت کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں اور منصوبوں کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

اس کے علاوہ خلائی تحقیق اور مصنوعی ذہانت جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔