امریکہ ایران تنازع، فیلڈ مارشل کی خاموش اور موثر سفارت کاری کی عالمی سطح پر پذیرائی

ٹی آر ٹی کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پاکستان دونوں ممالک کے مابین ایک انتہائی قابلِ اعتماد اور موثر ثالث کے طور پر ابھرا ہے۔
امریکہ اور ایران کے مابین جاری کشیدگی کے دوران پاکستان کا ثالثی کردار عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا ادارے ٹی آر ٹی کی رپورٹ کے مطابق دیگر علاقائی قوتوں کے برعکس پاکستان نے اس حساس معاملے میں خاموش، منظم اور مؤثر سفارت کاری کا راستہ اپنایا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اس ثالثی اور سفارتی کردار نے پاکستان کی علاقائی اہمیت کو ایک نئی تقویت بخشی ہے۔ وہ ایک حقیقت پسند اور نتائج پر مبنی سفارتی انداز رکھنے والی شخصیت کے طور پر ابھرے ہیں، جن کی سفارت کاری تشہیر کے بجائے خاموش روابط اور بیک چینل ڈپلومیسی پر مبنی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے انتہائی مشکل حالات کے باوجود امریکہ اور ایران کے درمیان روابط کا سلسلہ ٹوٹنے نہیں دیا۔ پاکستان کے جغرافیے، عسکری و انٹیلیجنس ساکھ اور امریکہ و ایران دونوں کے ساتھ اچھے روابط نے اسے یہ منفرد سفارتی حیثیت دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل امریکہ کو ایران سے جنگ میں دھکیلنے کیلئے فالس فلیگ کر سکتا ہے: سابق افسر
مشرق وسطیٰ کی اس بدلتی ہوئی سیاست میں پاکستان کا کردار سفارتی طور پر بہت نمایاں ہو چکا ہے اور ملکی عسکری قیادت اب اقتصادی راہداری، علاقائی روابط اور سفارت کاری کے ضامن کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ پاکستان اس وقت امریکہ، چین، خلیجی ریاستوں، ایران اور ترکیہ کے ساتھ انتہائی فعال روابط برقرار رکھے ہوئے ہے۔
امریکہ اور ایران کے مابین توازن برقرار رکھنے کی اس غیر معمولی صلاحیت نے پاکستان کو ایک نمایاں سفارتی قوت دی ہے۔
پاک بھارت کشیدگی کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر کی عسکری اور سفارتی ساکھ میں مزید اضافہ ہوا ہے، جبکہ پاک سعودی دفاعی معاہدے نے بھی پاکستان کی علاقائی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی مغربی سرحدوں پر دہشت گردی کے خلاف سخت مؤقف اپنایا ہے کیونکہ اب انسدادِ دہشت گردی کو کسی بھی معاشی انضمام کے لیے بنیادی شرط سمجھا جاتا ہے۔
سفارت کاری کی اصل کامیابی تشہیر نہیں بلکہ نتائج ہوتے ہیں۔ چونکہ پاکستان کسی سخت نظریاتی صف بندی یا مستقل اتحاد کا حصہ نہیں ہے، اس لیے وہ ایک قابلِ قبول ثالث مانا گیا ہے، تاہم پاکستان کو اپنا یہ اثر و رسوخ برقرار رکھنے کے لیے اپنے معاشی مسائل پر قابو پانا ہوگا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










