منگل، 26-مئی،2026
منگل 1447/12/09هـ (26-05-2026م)

خواجہ آصف نے ابراہام اکارڈ میں شامل ہونے کا امریکی مطالبہ یکسر مسترد کردیا

26 مئی, 2026 12:12

خواجہ آصف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک کو ابراہام اکارڈ پر دستخط کرنے کے مطالبے کو پاکستان کے بنیادی نظریات کے منافی قرار دے دیا ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلم ممالک اور پاکستان کو ابراہام اکارڈ پر دستخط کرنے کے مطالبے پر کہا کہ وہ ذاتی طور پر سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو کسی بھی ایسے معاہدے کا حصہ نہیں بننا چاہیے، جو ہمارے بنیادی ملکی و قومی نظریات سے ٹکراتا ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی طرف سے ایسا کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا اور نہ ہی ہمیں کسی نے اس معاہدے میں شامل ہونے کے لیے کہا ہے، لیکن ہمارا اصولی مؤقف بالکل صاف ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان بورڈ آف پیس کا حصہ، ابراہام معاہدے کا نہیں: ترجمان دفتر خارجہ

خواجہ آصف نے غزہ کی موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب غزہ معاہدے کی مسلسل اور روزانہ کی بنیاد پر خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، تو ہم ایسے لوگوں کے ساتھ کیسے بیٹھ سکتے ہیں، جن کا ایک دن کا بھی اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔

اینکر کے سوال پر کہ کیا امریکی محکمہ خارجہ یا کسی اور جگہ سے حکومتِ پاکستان سے اس سلسلے میں رابطہ کیا گیا ہے؟ تو وزیر دفاع نے واضح کیا کہ ہمارا مؤقف انتہائی واضح ہے کہ یہ چیز ہمارے لیے کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے، جس کے پاسپورٹ کے اسرائیل سے متعلق درج کہ وہاں جانے کی اجازت ہی نہیں ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کے لیے حالیہ نرم گوشے اور ان کے طرزِ حکومت پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا طرزِ حکومت غیر روایتی اور بالکل مختلف ہے، جس کی مثال ماضی میں امریکہ کے اندر بھی نہیں ملتی۔ لیکن اس کے باوجود ان کے امن اقدامات رنگ لا رہے ہیں، چاہے وہ پاکستان کا معاملہ ہو یا پھر آذربائیجان اور آرمینیا کا تنازع ہو۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔