منگل، 26-مئی،2026
منگل 1447/12/09هـ (26-05-2026م)

وزیر اعظم شہباز شریف کا چار روزہ دورہ چین مکمل، مشترکہ اعلامیہ بھی جاری

26 مئی, 2026 13:47

وزیر اعظم اپنا چار روزہ دورہ چین مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کی جانب سے ایک جامع مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف چین کا اپنا چار روزہ کامیاب سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ دورے کے اختتام پر چینی وزارتِ خارجہ کی نائب وزیر اور چین تعاون سیکریٹریٹ کی سیکریٹری جنرل ہوا چون ینگ نے بیجنگ میں وزیر اعظم کو الوداع کیا۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے ایک تفصیلی مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں باہمی شراکت داری کو فروغ دینے اور علاقائی و عالمی امور پر مکمل اتفاقِ رائے پایا گیا۔

مشترکہ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ عالمی حالات میں ہونے والی تمام تر تبدیلیوں کے باوجود پاک چین دوستی ہمیشہ فولادی ثابت ہوئی ہے اور دونوں ممالک کی یہ سدا بہار دوستی ایک قیمتی اثاثہ اور اسٹریٹجک سرمایہ ہے۔

پاکستان نے ایک بار پھر ون چائنہ پالیسی سے اپنی گہری وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تائیوان چین کا ایک ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے، جبکہ چین نے بھی پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے لیے اپنی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا گھر اسکیم کا آغاز کر دیا، شہریوں کو آسان قرضوں کی فراہمی

دونوں ممالک نے اقتصادی راہداری یعنی سی پیک منصوبے کو مزید آگے بڑھانے اور سال 2025 سے 2029 کے ایکشن پلان کے تحت باہمی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔

دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں چینی کاروباری وفود سے ملاقاتیں کیں اور پورٹ قاسم، گوادر اور معدنیاتی شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ایم ایل ون اور قراقرم ہائی وے کی تعمیر پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نے چائنیز اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں اعزازی پروفیسر شپ کا باوقار اعزاز دیا گیا، جسے انہوں نے اپنے اور پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

چین نے پاکستانی زرعی مصنوعات کی اپنی منڈی تک رسائی آسان بنانے اور پاکستانیوں کے لیے تربیتی مواقع فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔