بدھ، 27-مئی،2026
بدھ 1447/12/10هـ (27-05-2026م)

ایران امریکا مذاکرات میں اتار چڑھاؤ؛ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید گر گئیں

27 مئی, 2026 11:54

ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باعث عالمی تیل مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگ بندی، آبنائے ہرمز کی ممکنہ بحالی اور خطے میں کشیدگی میں کمی سے متعلق پیش رفت نے توانائی مارکیٹ کو متاثر کیا ہے۔ اسی غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔

بدھ کے روز برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.42 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد فی بیرل قیمت 98.16 ڈالر تک پہنچ گئی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت بھی 1.66 ڈالر کمی کے بعد 92.23 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔

یاد رہے کہ منگل کے روز جنوبی ایران میں امریکی کارروائیوں کی خبروں کے بعد تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافہ دیکھا گیا تھا، تاہم بعد ازاں مذاکرات سے متعلق مثبت اور منفی بیانات نے مارکیٹ کو دوبارہ غیر مستحکم کر دیا۔

دوسری جانب بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کچھ ایل این جی ٹینکرز کے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اطلاعات نے یہ امید بھی پیدا کی ہے کہ خطے میں بحری راستے بتدریج بحال ہو سکتے ہیں، جس سے تیل اور گیس کی عالمی سپلائی میں بہتری آنے کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق جب تک ایران اور امریکا کے درمیان حتمی معاہدے کی صورتحال واضح نہیں ہوتی، توانائی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ برقرار رہنے کا امکان ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔