کسی بھی مہم جوئی کا تباہ کن جواب دیا جائے گا، صدر و وزیراعظم کا یومِ تکبیر پر پیغام

صدر مملکت اور وزیراعظم نے یومِ تکبیر پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ملکی دفاع کا ضامن ہے اور کسی بھی جارحیت کا تباہ کن جواب دیا جائے گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ تکبیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا، تاہم ہم مستقبل کے چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا خود انحصاری، جدت اور پیشہ ورانہ مہارت کی جانب سفر جاری رہے گا۔ ہم ایک ذمہ دار اور امن پسند قوم ہیں لیکن دشمن کو خبردار رہنا چاہیے کہ کسی بھی جارحیت کا فوری اور تباہ کن جواب دیا جائے گا۔
صدر نے مزید کہا کہ گزشتہ سال آپریشن بنیان مرصوص میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا، جو قومی اتحاد اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا نتیجہ تھا۔
یہ بھی پڑھیں : یوم تکبیر کی 28ویں سالگرہ پر مسلح افواج کی قوم کو مبارکباد
انہوں نے یاد دلایا کہ بھارت کی ایٹمی بلیک میلنگ کے جواب میں ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں ایٹمی پروگرام شروع کیا گیا تھا اور پاکستان نے ہر مشکل کے باوجود دفاع کے لیے ثابت قدمی دکھائی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی قوت بن کر خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا، جس سے بھارت کے جنگی جنون اور توسیع پسندانہ عزائم کا منہ توڑ جواب ملا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی دباؤ اور پابندیوں کی دھمکیوں کے باوجود میاں نواز شریف نے ہر دباؤ مسترد کر کے قومی سلامتی کا تاریخی فیصلہ کیا۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ڈاکٹر ثمر مبارک مند اور دیگر قومی سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت کو قابل فخر قرار دیا۔
وزیراعظم نے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خاتمے کے لیے مکمل عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے بعد اب آپریشن غضب للحق سے دہشت گردی کا قلع قمع کیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












