جمعہ، 29-مئی،2026
جمعہ 1447/12/12هـ (29-05-2026م)

اسرائیلی وزیر اعظم نے فوج کو غزہ کے 70 فیصد علاقے پر قبضہ کرنے کا حکم دے دیا

29 مئی, 2026 11:54

اسرائیلی وزیر اعظم کہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی فوج کو مرحلہ وار کارروائی کرتے ہوئے غزہ کے 70 فیصد علاقے پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ انہوں نے اپنی فوج کو ہدایات دی ہیں کہ وہ غزہ کی پٹی کے 70 فیصد علاقے پر قبضہ کر لے۔

نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل حماس پر اپنا گھیراؤ مزید سخت کر رہا ہے اور پہلے اسرائیلی فوج غزہ کے 50 فیصد علاقے پر تھی، جو بعد میں 60 فیصد ہوئی اور اب ان کی واضح ہدایت ہے کہ قدم بہ قدم آگے بڑھتے ہوئے اسے 70 فیصد تک لے جایا جائے۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے اس بیان کے دوران وہاں موجود مجمعے نے ان سے پورے غزہ پر قبضہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ اپریل کے آخر میں اسرائیلی دفاعی افواج نے عالمی امدادی گروپوں کو نقشے جاری کیے تھے، جن میں دکھایا گیا تھا کہ فوج پہلے ہی غزہ کے تقریباً 64 فیصد حصے پر قابض ہو چکی ہے۔

غزہ کے مزید علاقوں پر اس قبضے کے نتیجے میں لگ بھگ 20 لاکھ فلسطینی ساحلی پٹی کے ایک انتہائی چھوٹے اور تباہ حال حصے میں محصور ہو کر رہ جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : یورپی یونین نے فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کرنے والی اسرائیلی تنظیموں پر پابندیاں لگادیں

دوسری طرف اکتوبر 2025 میں اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی افواج ایک حد بندی لائن تک پیچھے ہٹ گئی تھیں، جسے پیلی لائن کہا جاتا ہے، جس کے تحت اسرائیل کے پاس غزہ کا تقریباً 53 فیصد علاقہ رہ گیا تھا۔

حماس نے منگل کے روز اسرائیل پر اس لائن کو تبدیل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی اور طاقت کے زور پر نئے حقائق مسلط کرنے کی کوشش ہے۔

امریکی ثالثی میں ہونے والے اس معاہدے کی نگرانی کرنے والے بلغاریہ کے سفارت کار نکولے ملاڈینوف نے خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ بندی پر پیش رفت نہ ہوئی تو یہ عارضی لائن ایک مستقل دیوار کی شکل اختیار کر لے گی، جس سے غزہ مستقل طور پر تقسیم ہو جائے گا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ غزہ میں اب بھی عام شہری فضائی حملوں میں مارے جا رہے ہیں اور حماس نے بھی اپنے ہتھیار ڈالنے سے انکار کر دیا ہے، جبکہ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ 7 اکتوبر کے واقعے میں ملوث ہر شخص کو ہلاک کیا جائے گا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔