بدھ، 17-جون،2026
بدھ 1448/01/02هـ (17-06-2026م)

تنخواہ دار طبقے کیلئے بڑے ٹیکس ریلیف کی تجویز سامنے آگئی

01 جون, 2026 10:33

اسلام آباد: آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے تنخواہ دار طبقے کو بڑا ریلیف دینے کی تجویز سامنے آئی ہے، جس کے تحت مختلف شعبوں میں ٹیکس کی شرح میں نمایاں کمی کی سفارش کی گئی ہے۔

معاشی تھنک ٹینک “اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈیولپمنٹ” نے حکومت کو آئندہ بجٹ کے لیے اپنی تجاویز پیش کر دی ہیں۔

تھنک ٹینک کی جانب سے سفارش کی گئی ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر موجودہ ٹیکس شرح 35 فیصد سے کم کر کے 20 فیصد کی جائے، تاکہ ملازمین پر مالی دباؤ کم کیا جا سکے۔

تجاویز کے مطابق کارپوریٹ ٹیکس 29 فیصد سے کم کر کے 25 فیصد کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

اسی طرح غیر تنخواہ دار طبقے کیلئے بھی ریلیف تجویز کیا گیا ہے، جس کے تحت ان پر ٹیکس شرح 45 فیصد سے کم کر کے 25 فیصد کرنے کی سفارش شامل ہے۔

تھنک ٹینک نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ 80 ہزار روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے افراد کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے تاکہ کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف مل سکے۔

تجاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئندہ تین سالوں میں سیلز ٹیکس کی شرح 18 فیصد سے کم کر کے 15 فیصد کی جائے۔

ریئل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے بھی بڑی ریلیف کی سفارش کی گئی ہے، جس کے تحت ٹیکس 5.5 فیصد سے کم کر کے 0.5 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

تھنک ٹینک نے تجویز دی ہے کہ ریٹیلرز، تاجروں اور دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے تاکہ معیشت کو دستاویزی بنایا جا سکے۔

مزید یہ بھی سفارش کی گئی ہے کہ 100 فیصد سرمایہ کاری کرنے والوں سے آمدنی کے ذرائع نہ پوچھے جائیں اور ترسیلات زر بھیجنے والوں اور سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جائیں۔

معاشی ماہرین کے مطابق اگر یہ تجاویز منظور ہو جاتی ہیں تو اس سے ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔