بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملی تو ایوان میں بیٹھنے کی ضرورت نہیں، بیرسٹر گوہر

پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہمیں فوج مخالف نہیں قرار دیا جائے، اگر قائد سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جائے گی، تو پھر ہمیں اس ایوان میں بیٹھنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی طویل تقریر سے تحریکِ انصاف کو اپنے بنیادی سوالات کا جواب نہیں ملا۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ ملک بھی ہمارا ہے اور فوج بھی ہماری ہے، اس لیے ہمارے خلاف فوج مخالف ہونے کا کوئی پروپیگنڈا نہ کیا جائے اور نہ ہی فوج کے نام پر کوئی سیاست ہونی چاہیے کیونکہ پی ٹی آئی ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم کی قومی اسمبلی میں اپوزیشن کو ایک بار پھر میثاقِ جمہوریت کی دعوت
بیرسٹر گوہر نے شکوہ کیا کہ ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام سے ہی دفاعی استحکام ممکن ہے، لیکن اکتوبر کے بعد سے ملک میں سیاسی عدم استحکام مزید بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم سے سوال کیا کہ عدالتوں کے واضح احکامات کے باوجود بانی سے فیملی، ڈاکٹر اور وکلا کی ملاقات کیوں نہیں کروائی جا رہی؟
انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں اپنے قائد سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جائے گی، تو پھر ہمیں اس ایوان میں بیٹھنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر نے یکساں سلوک کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم میثاقِ جمہوریت کے حامی ہیں لیکن ہمیں دیوار سے لگا دیا گیا ہے، اگر ہماری پہچان ہی ختم کی جا رہی ہے تو ہم ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کرنے پر مجبور ہیں، ہمیں آج ہی بانی پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










