سیاسی قیادت آئین کو چھیڑے بغیر بجٹ پاس کرنے جا رہی ہے، عبدالقادر پٹیل

قومی اسمبلی میں بجٹ پر جاری بحث کے دوران عبدالقادر پٹیل نے عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی بغیر کسی آئینی ترمیم کے بجٹ پاس کرانے جا رہی ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عاصم منیر ہیرو ہیں، آپ مانیں یا نہ مانیں، اور عالمی حالات کے مطابق ان کے بہترین کردار پر تعریف تو بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے کہتے ہیں کہ آپ اداروں کی تعریف کرتے ہیں، ہم یہ تو نہیں کہہ رہے کہ آرمی چیف ہمارا باپ ہے لیکن سیاسی اور عسکری قیادت نے وہ کام کیا، جو صدیوں یاد رکھا جائے گا، پاکستان نے دنیا کو تیسری جنگ عظیم سے بچایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کو شخصیات سے اختلاف ہو سکتا ہے، لیکن ہیرو ہیرو ہی رہتا ہے اور اس سے پہلے بھی ہم نے اپنے دشمن کو دھول چٹائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وفاقی حکومت کی قومی بجٹ عاشورہ سے قبل منظور کرانے کی حکمت عملی
انہوں نے کہا کہ ماضی میں نئے پاکستان کا نعرہ لگتا تھا لیکن اصل میں یہ ہے نیا پاکستان، جہاں سیاسی قیادت آئین کو چھیڑے بغیر بجٹ پاس کرنے جا رہی ہے۔
پیپلز پارٹی پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ہم سودے بازی کر رہے ہیں، ہم ملک کے مفاد میں تو سودے کریں گے، لیکن کسی پارٹی کے حق میں سودے نہیں کریں گے۔
انہوں نے معیشت پر بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر غریب کو کھانا مل رہا ہے تو آپ کے اعداد و شمار ٹھیک ہیں، لیکن اگر آج غریب تکلیف میں ہے تو معیشت کے سارے اعداد و شمار غلط ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











