سال 2035 تک پاکستان کی آبادی 35 کروڑ ہو جائے گی، قومی اسمبلی میں مصطفیٰ کمال کا انتباہ

مصطفیٰ کمال نے خبردار کیا ہے کہ سال 2035 تک پاکستان کی آبادی 35 کروڑ ہو جائے گی اور اس وقت ملک میں 2 کروڑ 62 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ملکی آبادی میں بے تحاشہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کل آبادی جتنا سالانہ اضافہ ہماری آبادی میں ہو رہا ہے اور اگر یہی رفتار رہی تو سال 2035 تک پاکستان کی آبادی 35 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں ہر سال دوران زچگی 11 ہزار خواتین جاں بحق ہو جاتی ہیں اور اگر کوئی اور دہشت گردی کا واقعہ ہو جائے تو ملک میں سوگ ہو جاتا ہے، لیکن اس خاموش تباہی پر کوئی بات نہیں کرتا۔
یہ بھی پڑھیں : ایکسٹینشن لینے والا لیڈر حقوق نہیں دلوا سکتا، مصطفیٰ کمال کی خالد مقبول صدیقی کا نام لیے بغیر کڑی تنقید
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہمسایہ ممالک نے اپنی آبادی کو کنٹرول کر لیا ہے اور ان کی معاشی گروتھ بھی ہم سے زیادہ ہے۔ اس بحران سے نمٹنے کے لیے ہمیں 3 ہزار سے زیادہ نئے اسپتال اور 2 کروڑ نئے گھر چاہئیں، جس کے لیے آبادی کنٹرول کرنے کی آگاہی مہم ناگزیر ہے۔
مصطفیٰ کمال نے گورننس کے نظام پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نظام میں فرشتے بھی کچھ نہیں کر سکتے۔ بجٹ میں 8 ہزار 848 ارب روپے صوبوں کو دیئے جا رہے ہیں اور این ایف سی کا فارمولہ صرف آبادی کے لحاظ سے ہے، جس سے پیسوں کا بٹوارا تو ہو جاتا ہے لیکن اختیارات نچلی سطح تک نہیں پہنچتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے نئی آئینی ترمیم پیش کر رکھی ہے، جس سے اختیارات نچلی سطح تک جائیں گے۔
کراچی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر کو پیسے نہیں مل رہے اور پانی کا مسئلہ حل نہیں ہو رہا، یہاں تک کہ کے فور منصوبے کی تکمیل کے بعد بھی پانی ٹینکروں میں ہی بکے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











