بدھ، 17-جون،2026
بدھ 1448/01/02هـ (17-06-2026م)

پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں تاریخ کی سب سے بڑی کمی کے حوالے سے اہم خبر آگئی

17 جون, 2026 09:58

ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کی خبروں کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔

 ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے پا جاتا ہے تو عالمی سطح پر خام تیل کی فراہمی بہتر ہوگی۔ اس کے نتیجے میں پاکستان سمیت کئی ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز کے دوبارہ مکمل طور پر کھلنے کی توقعات نے بھی عالمی توانائی مارکیٹ کو مثبت اشارہ دیا ہے۔ یہ آبی راستہ دنیا میں تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم سمجھا جاتا ہے۔ اگر یہاں آمدورفت معمول پر آتی ہے تو عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی مزید بہتر ہو سکتی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں حالیہ دنوں مزید پانچ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس وقت امریکی خام تیل تقریباً 76 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی خام تیل 79 ڈالر فی بیرل کے قریب ٹریڈ کر رہا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کو ممکنہ معاہدے کے بعد دوبارہ عالمی منڈی میں تیل فروخت کرنے کی اجازت مل سکتی ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان مزید مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی شروع ہونے سے پہلے خام تیل کی عالمی قیمت تقریباً 73 ڈالر فی بیرل تھی۔ بعد ازاں جنگ کے دوران قیمتیں تیزی سے بڑھ کر 126 ڈالر فی بیرل سے بھی اوپر چلی گئی تھیں۔ اب حالات میں بہتری کی امید کے ساتھ قیمتیں دوبارہ نیچے آ رہی ہیں۔

پاکستان میں بھی عالمی منڈی کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ جیسے ہی عالمی حالات معمول پر آئیں گے، اس کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے مشکل حالات میں عوام کو مہنگائی سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی اور اب معاشی بہتری کا فائدہ بھی عوام کو دیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان معاہدہ جلد طے پا سکتا ہے۔ اگر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں اسی طرح کم ہوتی رہیں تو پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے سے زائد، بلکہ بعض صورتوں میں 150 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان بھی موجود ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ عالمی مارکیٹ کی صورتحال اور حکومت کے آئندہ جائزے پر منحصر ہوگا۔

گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کئی بار ردوبدل کیا گیا۔ 6 مارچ 2026 کو حکومت نے عالمی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد پیٹرول کی قیمت 321 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل 335 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا تھا۔

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی سے پہلے پاکستان میں پیٹرول کی قیمت تقریباً 266 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 280 روپے فی لیٹر تھا۔ اس وقت ملک میں پیٹرول کی موجودہ قیمت 373 روپے 78 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔