بدھ، 17-جون،2026
بدھ 1448/01/02هـ (17-06-2026م)

استعمال شدہ گاڑی خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری

17 جون, 2026 14:01

وفاقی حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد سے متعلق پالیسی میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں سیکریٹری تجارت جواد پال نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ معاہدوں کے تحت آئندہ جولائی سے پانچ سال تک پرانی گاڑیوں کی درآمد کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ تاہم شرط یہ ہوگی کہ یہ گاڑیاں ماحولیاتی معیار پر پوری اتریں۔ اس کے ساتھ ریگولیٹری ڈیوٹی کو 40 فیصد سے کم کر کے 30 فیصد کرنے کی بھی تجویز ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت مرحلہ وار طور پر درآمدی پابندیوں میں نرمی کر رہی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ غیر ملکی آٹو مارکیٹ کو بھی پاکستان میں بہتر مواقع مل سکیں اور مقابلے کا ماحول پیدا ہو۔ یہ تبدیلیاں آئی ایم ایف پروگرام کا حصہ ہیں۔

دوسری جانب تعلیمی شعبے سے متعلق ٹیکس ریلیف کی تجویز کو آئی ایم ایف نے قبول نہیں کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ٹیکس پالیسی ڈاکٹر نجیب میمن کے مطابق اسٹیشنری اشیا پر سیلز ٹیکس ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ ان اشیا پر گزشتہ بجٹ میں 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کیا گیا تھا جس سے ان کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مختلف شعبوں کو مزید ٹیکس ریلیف دینے سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے ہی متعدد مالی سہولتیں دے چکی ہے جن میں انکم ٹیکس میں کمی اور دیگر اصلاحات شامل ہیں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔