منگل، 16-جون،2026
منگل 1448/01/01هـ (16-06-2026م)

تھائی لینڈ کے معروف برانڈ کی موٹرسائیکل پاکستان میں متعارف؛ قیمتیں سامنے آگئیں

16 جون, 2026 11:41

تھائی لینڈ کی معروف موٹر سائیکل کمپنی GPX نے پاکستان کی مارکیٹ میں باقاعدہ طور پر اپنی نئی بائیکس “رائل جی پی ایکس” کے نام سے متعارف کروانا شروع کر دی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق کمپنی نے پاکستانی صارفین کے لیے لیبرے سیریز کے دو ماڈلز پیش کیے ہیں جن میں رائل جی پی ایکس لیبرے 125 اور رائل جی پی ایکس لیبرے 150 شامل ہیں۔ یہ دونوں بائیکس روزمرہ سفر کرنے والوں کے لیے تیار کی گئی ہیں، جبکہ ان میں جدید ڈیزائن اور اسپورٹی لک بھی شامل ہے۔

قیمتوں کے مطابق رائل جی پی ایکس لیبرے 125 کی قیمت 3 لاکھ 25 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ لیبرے 150 ماڈل 3 لاکھ 75 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا۔

لیبرے 125 میں 123 سی سی ایئر کولڈ انجن دیا گیا ہے جو 7.78 ہارس پاور اور 9 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔ اس میں 6 اسپیڈ گیئر سسٹم، کاربوریٹر فیول سسٹم اور 17 لیٹر فیول ٹینک شامل ہے۔ اس کے فرنٹ پر ڈسک بریک اور رئیر پر ڈرم بریک دیا گیا ہے۔ یہ ماڈل اوسطاً 43 کلومیٹر فی لیٹر مائلیج دیتا ہے۔

دوسری جانب لیبرے 150 میں 149 سی سی ایئر کولڈ انجن دیا گیا ہے جو 12 ہارس پاور اور 11 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔ اس میں جدید الیکٹرانک فیول انجکشن سسٹم استعمال کیا گیا ہے۔ اس ماڈل میں بھی 6 اسپیڈ گیئر، 17 لیٹر فیول ٹینک اور بہتر بریکنگ سسٹم شامل ہے۔ یہ بائیک تقریباً 38 کلومیٹر فی لیٹر مائلیج فراہم کرتی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ دونوں ماڈلز میں ایل ای ڈی لائٹس، ڈیجیٹل اسپیڈومیٹر اور سیلف اسٹارٹ جیسے جدید فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ اضافی آپشنز کے طور پر ٹائپ سی چارجنگ پورٹ، اینٹی تھیفٹ الارم اور آف روڈ ٹائرز بھی لگائے جا سکتے ہیں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔