جمعرات، 18-جون،2026
جمعرات 1448/01/03هـ (18-06-2026م)

گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہی بارشیں؛ محکمہ موسمیات کی بڑی پیشگوئی

18 جون, 2026 12:38

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ کچھ علاقوں میں تیز ہواؤں اور ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم کئی مقامات پر بارش کا سلسلہ بھی شروع ہو سکتا ہے۔ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ اور چارسدہ میں تیز بارش کا امکان ہے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔ جڑواں شہروں میں مزید بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح رات کے وقت خیبرپختونخوا، کشمیر، جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔

سوات، چترال، کوہستان، مالاکنڈ اور باجوڑ سمیت کئی پہاڑی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں موسم کی شدت کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ موجود ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، خاص طور پر چترال، دیر، سوات اور کوہستان جیسے علاقوں میں۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم کچھ شمال مشرقی اضلاع میں بادل چھائے رہنے اور بارش کا امکان ہے۔ ژوب، زیارت، کوہلو، خضدار اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔