گھر بیٹھے موبائل فون کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کیسے کروائیں؟ آسان طریقہ سامنے آگیا

Renew Your Driving License from Home
حکومت پنجاب نے شہریوں کی سہولت کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کا عمل مزید آسان بنا دیا ہے۔
اب ریگولر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے لائسنس سینٹر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ شہری اپنے موبائل فون کے ذریعے گھر بیٹھے یہ کام آسانی سے انجام دے سکیں گے۔
اس مقصد کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کی سروس کو باضابطہ طور پر دستک ایپ پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس نئی سہولت کے بعد درخواست جمع کروانے سے لے کر فیس کی ادائیگی اور لائسنس کی ترسیل تک تمام مراحل آن لائن مکمل کیے جا سکیں گے۔ درخواست گزار اپنی درخواست کا اسٹیٹس بھی ایپ کے ذریعے کسی بھی وقت چیک کر سکتا ہے۔
لائسنس کی تجدید کے لیے چند ضروری دستاویزات پہلے سے تیار رکھنا ضروری ہیں۔ ان میں حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر، اصل شناختی کارڈ کے دونوں رخ کی واضح تصاویر اور موجودہ ڈرائیونگ لائسنس کی فرنٹ اور بیک کاپی شامل ہیں۔ اگر درخواست گزار کی عمر 50 سال سے زیادہ ہے تو اسے سرکاری ڈاکٹر سے تصدیق شدہ میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی اپ لوڈ کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ فعال موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس بھی ضروری ہوگا۔
درخواست دینے کے لیے سب سے پہلے گوگل پلے اسٹور یا ایپ اسٹور سے دستک ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔ اس کے بعد شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر اور دیگر ضروری معلومات کے ذریعے اپنا اکاؤنٹ بنائیں۔ لاگ اِن کرنے کے بعد "Driving License Services” میں جا کر "Regular Driving License Renewal” کا آپشن منتخب کریں۔
اس کے بعد فارم میں لائسنس نمبر، شناختی کارڈ نمبر، تاریخ پیدائش اور لائسنس کی کیٹیگری درست طریقے سے درج کریں۔ تمام مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے بعد درخواست مکمل کریں۔ سسٹم خودکار طور پر ایک PSID نمبر جاری کرے گا۔ اس نمبر کے ذریعے موبائل بینکنگ، انٹرنیٹ بینکنگ یا اے ٹی ایم سے سرکاری فیس جمع کروائی جا سکتی ہے۔
فیس ادا کرنے کے بعد درخواست کو لازمی طور پر فائنل سبمٹ کریں۔ اس کے بعد آپ دستک ایپ یا ڈی ایل آئی ایم ایس (DLIMS) کے ذریعے اپنی درخواست کی موجودہ صورتحال، جیسے انڈر ریویو، منظور شدہ یا ڈسپیچ ہونے کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
محکمہ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لائسنس کی مدت ختم ہونے سے پہلے تجدید کے لیے درخواست دیں۔ اگر لائسنس کی معیاد ختم ہو جائے تو سسٹم خودکار طور پر تاخیر کی مدت کے مطابق اضافی فیس شامل کر دے گا۔
حکام کے مطابق اکثر درخواستیں چند عام غلطیوں کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو جاتی ہیں۔ ان میں شناختی کارڈ یا پرانے لائسنس کی دھندلی تصاویر اپ لوڈ کرنا، غلط شناختی کارڈ یا لائسنس نمبر درج کرنا، فیس ادا کرنے کے بعد فائنل سبمٹ نہ کرنا اور 50 سال سے زائد عمر ہونے کے باوجود میڈیکل سرٹیفکیٹ اپ لوڈ نہ کرنا شامل ہیں۔ اگر شہری ان ہدایات پر عمل کریں تو ان کی درخواست جلد مکمل ہو سکتی ہے اور لائسنس مقررہ وقت میں ان کے گھر پہنچ سکتا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











