گمشدہ پاسپورٹ دوبارہ کیسے بنوائیں اور فیس کتنی ہوگی؟ مکمل تفصیلات جانیں

How to Replace a Lost Passport and What Will It Cost?
اگر کسی پاکستانی شہری کا پاسپورٹ گم ہو جائے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ (DGI&P) نے ایسے افراد کے لیے پاسپورٹ دوبارہ حاصل کرنے کا طریقہ واضح کر دیا ہے۔
پاکستان میں رہنے والے افراد کو سب سے پہلے اپنے گمشدہ پاسپورٹ کی رپورٹ قریبی تھانے میں درج کروانی ہوگی۔ رپورٹ میں پہلے جاری ہونے والے پاسپورٹ نمبر کا ذکر کرنا ضروری ہے۔ اس کے بعد یہ رپورٹ دیگر ضروری دستاویزات کے ساتھ علاقائی پاسپورٹ آفس میں جمع کروانا ہوگی تاکہ نئے پاسپورٹ کی کارروائی شروع کی جا سکے۔
اگر درخواست گزار کو اپنا پرانا پاسپورٹ نمبر یاد نہیں تو وہ قومی شناختی کارڈ یا نائیکوپ کی کاپی کے ساتھ ایک تحریری درخواست جمع کروا سکتا ہے۔ اگر درخواست کسی نابالغ بچے کے لیے دی جا رہی ہو تو چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (CRC) بھی فراہم کرنا ہوگا۔ ان دستاویزات کی بنیاد پر پاسپورٹ آفس مزید کارروائی مکمل کرے گا۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے طریقہ کار کچھ مختلف ہے۔ ایسے افراد کو اپنے ملک میں موجود پاکستانی سفارت خانے یا قونصل خانے سے رابطہ کرنا ہوگا۔ اگر کوئی شہری تیسری مرتبہ اپنا پاسپورٹ گم کر دیتا ہے تو متعلقہ پاکستانی مشن پہلے اس کیس کا جائزہ لے گا۔ بعد ازاں معاملہ مزید منظوری کے لیے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو بھیجا جائے گا۔
پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں فیس بھی عام درخواست کے مقابلے میں زیادہ ادا کرنا پڑتی ہے۔ پہلی بار پاسپورٹ گم ہونے پر مقررہ فیس سے دوگنا رقم وصول کی جاتی ہے، جبکہ دوسری بار گم ہونے کی صورت میں فیس چار گنا تک بڑھ جاتی ہے۔
36 صفحات پر مشتمل پانچ سالہ پاسپورٹ کے لیے نارمل پروسیسنگ کی فیس 9 ہزار روپے جبکہ ارجنٹ فیس 15 ہزار روپے مقرر ہے۔ اگر یہی پاسپورٹ 10 سال کی مدت کے لیے بنوایا جائے تو نارمل فیس 13 ہزار 400 روپے اور ارجنٹ فیس 22 ہزار 400 روپے ادا کرنا ہوگی۔
72 صفحات والے پاسپورٹ کی پانچ سالہ مدت کے لیے نارمل فیس 16 ہزار 400 روپے اور ارجنٹ فیس 27 ہزار روپے ہے۔ جبکہ 10 سالہ پاسپورٹ کے لیے نارمل فیس 24 ہزار 800 روپے اور ارجنٹ فیس 40 ہزار 400 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح 100 صفحات والے پاسپورٹ کی پانچ سالہ مدت کے لیے نارمل فیس 18 ہزار روپے اور ارجنٹ فیس 36 ہزار روپے ہے۔ اگر 10 سال کے لیے 100 صفحات والا پاسپورٹ بنوایا جائے تو نارمل فیس 27 ہزار روپے جبکہ ارجنٹ فیس 54 ہزار روپے ادا کرنا ہوگی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










