ہفتہ، 20-جون،2026
ہفتہ 1448/01/05هـ (20-06-2026م)

کالعدم ایکشن کمیٹی کی تمام سازشیں ناکام، آزاد کشمیر میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں

20 جون, 2026 11:26

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے سیاسی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، جبکہ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کے مطابق انتخابی عمل کو شفاف اور منظم بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جن پولنگ علاقوں میں ووٹرز کی تعداد 500 سے زائد ہوگی وہاں دو پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے تاکہ ووٹنگ کا عمل بہتر انداز میں مکمل ہو سکے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن راجہ شکیل خان نے بتایا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 23 جون مقرر ہے، جبکہ ریٹرننگ افسران اتوار کے روز بھی اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ان کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 518 امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مہاجرین کی نشستوں پر 114 جبکہ راولاکوٹ سے 130 امیدواروں نے انتخابی عمل میں حصہ لینے کے لیے کاغذات جمع کرائے ہیں۔

سابق وزیر خزانہ آزاد کشمیر ماجد خان کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی انتظامات تسلی بخش ہیں اور آئندہ انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت متوقع ہے، خاص طور پر مہاجرین کی نشستوں پر بھی بڑی تعداد میں امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق آزاد کشمیر میں بڑھتی ہوئی انتخابی سرگرمیاں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ عوام جمہوری عمل میں دلچسپی لے رہے ہیں اور سیاسی مستقبل کے فیصلے بیلٹ کے ذریعے کرنے کے خواہاں ہیں۔

انتخابی عمل میں یہ تیزی خطے میں سیاسی سرگرمیوں کے فروغ اور جمہوری تسلسل کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔