لاہور: انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں 1900 روپے تک کمی

ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ نمایاں کمی کے بعد لاہور سمیت پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں واضح کمی کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے بعد سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی لاہور کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا۔
اجلاس میں مختلف روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر نظرثانی کی گئی۔ طویل مشاورت کے بعد کرایوں میں 1900 روپے تک کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ رانا محسن نے کہا کہ تمام ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے کرایوں میں کمی پر اتفاق کر لیا ہے۔ نئی کرایہ لسٹس تیار کی جا رہی ہیں اور انہیں جلد عوام کے لیے جاری کر دیا جائے گا۔ جو بھی کمپنی نئی قیمتوں پر عمل نہیں کرے گی، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق لاہور سے کراچی بزنس کلاس کا کرایہ 10 ہزار 450 روپے سے کم ہو کر 8 ہزار 550 روپے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح کراچی اکانومی کلاس کا کرایہ 8 ہزار 450 روپے سے کم ہو کر 7 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ یہ کمی مسافروں کے لیے بڑی سہولت قرار دی جا رہی ہے۔
لاہور سے ایبٹ آباد کا کرایہ 3 ہزار 400 روپے سے کم ہو کر 2 ہزار 800 روپے ہو گیا ہے۔ بہاولنگر کا کرایہ 2 ہزار 350 سے کم ہو کر 1 ہزار 950 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ فیصل آباد کے لیے کرایہ 1085 روپے سے کم ہو کر 900 روپے کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح لاہور سے ڈی جی خان کا کرایہ 2600 روپے سے کم ہو کر 2130 روپے ہو گیا ہے۔ حافظ آباد کے لیے کرایہ 2200 روپے سے کم کر کے 1800 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ لاڑکانہ کا کرایہ 8 ہزار 450 سے کم ہو کر 6 ہزار 930 روپے کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی چوہدری شہزاد نذیر سندھو نے کہا کہ کرایوں میں کمی پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے خفیہ ٹیمیں بھی تعینات کی جائیں گی جو کرایوں کی نگرانی کریں گی۔ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وہ خود بھی اچانک فیلڈ میں جا کر کرایوں اور سہولیات کا جائزہ لیں گے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










