ہفتہ، 20-جون،2026
ہفتہ 1448/01/05هـ (20-06-2026م)

آج صنعتوں کا پہیہ رواں دواں ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

20 جون, 2026 13:28

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اراکین اسمبلی کی تجاویز کو شامل کیا گیا ہے اور حکومت نے معاشی پالیسی کو واضح سمت دی ہے۔

ارکان اسمبلی کی جانب سے بجٹ دستاویزات سے متعلق تحریک استحقاق پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے بجٹ سازی کے عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے کو اہمیت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی میں کمی آئی ہے اور “جنگ کے بادل چھٹ گئے ہیں”، جبکہ حکومت کی سفارتی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

ان کے مطابق پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکراتی ماحول پیدا کرنے میں کردار ادا کیا، جس پر وزیر اعظم، فیلڈ مارشل اور دیگر قومی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ پیش رفت پاکستان کی سیاسی اور سفارتی تاریخ کا ایک اہم اور روشن باب ہے۔

ان کے مطابق سفارتی کامیابیوں کے بعد توانائی کے شعبے میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جس کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔

محمد اورنگزیب نے معیشت سے متعلق اشاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی سرگرمیوں میں بہتری آ رہی ہے، برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے اور آئی ٹی ایکسپورٹ میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 4.25 ارب ڈالر کا زرمبادلہ بھیجا، جو معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق حکومت نے ٹیکس نظام میں بنیادی اصلاحات کی ہیں، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے ریٹیل سیکٹر کو نظام کا حصہ بنایا گیا ہے، اور ڈیجیٹلائزیشن و آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے صوابدیدی اختیارات کو کم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے امپورٹ ڈیوٹی میں ریلیف دیا جا رہا ہے، چین کے ساتھ زرعی تعاون بڑھایا جا رہا ہے، اور چھوٹے کاشتکاروں کے لیے قرض اسکیم بھی شروع کی گئی ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ پائیدار اصلاحات کے ذریعے معیشت کو مستحکم اور خود کفیل بنایا جائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔