ہفتہ، 20-جون،2026
ہفتہ 1448/01/05هـ (20-06-2026م)

بیگم امتیاز نسیم کی مسلم لیگ ن میں شمولیت

20 جون, 2026 11:00

آزاد جموں و کشمیر میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والی رکن قانون ساز اسمبلی بیگم امتیاز نسیم نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

بیگم امتیاز نسیم نے پی ٹی آئی کے فارورڈ بلاک سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا۔ ان کی شمولیت کی تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما مشتاق منہاس، راجا مجاہد اور راجا ریاست موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام نے بھی شرکت کی اور انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا۔

وفاقی وزیر امیر مقام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیگم امتیاز نسیم کی شمولیت مسلم لیگ (ن) کے لیے اہم اضافہ ہے۔ ان کی خدمات صرف ایک علاقے تک محدود نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔ پارٹی میں شامل ہونے والوں کو مکمل عزت اور نمائندگی دی جائے گی۔

امیر مقام نے کہا کہ سیاست کا مقصد عوام کی خدمت اور عزت کا حصول ہے۔ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ نئے آنے والے رہنماؤں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتی ہے۔ آزاد کشمیر میں پارٹی مزید مضبوط ہو رہی ہے اور آئندہ انتخابات میں بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 38 نکاتی ایجنڈے کو تسلیم کیا اور اس پر عمل درآمد بھی کیا گیا۔ تاہم بعد میں نئے مطالبات سامنے آئے جن پر حکومت نے تحفظات کا اظہار کیا۔ مذاکرات کے کئی دور ہوئے لیکن آخری مرحلے میں بات چیت مکمل نہ ہو سکی۔

اس موقع پر بیگم امتیاز نسیم نے کہا کہ وہ اپنے اصل سیاسی گھر واپس آئی ہیں۔ ان کے مرحوم شوہر کرنل (ر) نسیم مسلم لیگ (ن) کے بانی رہنماؤں میں شامل تھے۔ ان کا خاندان ہمیشہ اس جماعت سے وابستہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقے کی ترقی کے لیے مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے کام کریں گی۔ وسطی باغ میں ماضی میں ترقیاتی کاموں کی رفتار بہتر تھی، جو بعد میں سست پڑ گئی۔ اب ان کی کوشش ہوگی کہ ترقیاتی عمل دوبارہ تیز کیا جائے۔

بیگم امتیاز نسیم نے کہا کہ وہ آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے لیے بھرپور مہم چلائیں گی۔ ان کا مقصد پارٹی کو مزید مضبوط بنانا اور عوامی خدمت کو آگے بڑھانا ہے۔ وسطی باغ کی تمام نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔