ہفتہ، 20-جون،2026
ہفتہ 1448/01/05هـ (20-06-2026م)

تیزاب گردی کا شکار لیڈی ڈاکٹر ماہ نور کو علاج کے لیے امریکہ بھیجنے کا فیصلہ

20 جون, 2026 11:25

کوئٹہ میں تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے علاج کے حوالے سے حکومت بلوچستان نے فیصلہ کیا کہ انہیں بہتر طبی سہولیات کے لیے بیرونِ ملک، یعنی امریکا منتقل کیا جائے گا تاکہ ان کا مکمل علاج ممکن بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی شاہد رند کے مطابق ڈاکٹر ماہ نور کا اس وقت کراچی کے ایک نجی اسپتال میں علاج جاری ہے۔ انہیں مزید ایک ہفتہ اسی اسپتال میں رکھا جائے گا، جس کے بعد ان کی بیرون ملک منتقلی کے انتظامات مکمل کیے جائیں گے۔

حکومت بلوچستان نے اس سلسلے میں ضروری قانونی اور طبی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ڈاکٹر ماہ نور کی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ انہیں جدید علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے امریکا بھیجا جائے۔

واضح رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ کچھ روز قبل کوئٹہ کے سنڈیمن اسپتال میں پیش آیا تھا۔ جنرل سرجری وارڈ میں ایک شخص نے اچانک ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب پھینک دیا تھا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی تھیں۔ واقعے کے بعد اسپتال میں افراتفری پھیل گئی تھی۔

پولیس کے مطابق ملزم کو بعد میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جا سکے۔

اسی واقعے میں ایک اور افسوسناک پہلو یہ بھی تھا کہ اسپتال کے وارڈ بوائے عبدالرزاق ترکئی نے ڈاکٹر ماہ نور کو بچانے کی کوشش کی تھی۔ اس دوران وہ خود بھی شدید زخمی ہوئے تھے اور کوئٹہ میں زیرِ علاج رہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔