غزہ میں اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ بمباری، صحافی سمیت مزید 6 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی فوج کی تازہ ترین بمباری کے نتیجے میں الجزیرہ کے کیمرہ مین احمد وشاح اور بچوں سمیت 6 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔
غزہ کے البریج پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر ہونے والے اسرائیلی حملے میں الجزیرہ کے صحافی احمد وشاح اپنے 2 ساتھیوں سمیت شہید ہو گئے۔ الجزیرہ نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سچ کی آواز کو دبانے کی اسرائیلی پالیسی قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ احمد وشاح کے بھائی محمد وشاح بھی اپریل میں اسرائیلی حملے میں شہید ہو چکے تھے۔ اسرائیل نے بنا کسی ثبوت کے دونوں بھائیوں پر حماس کے ملٹری ونگ کا حصہ ہونے کا الزام لگایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کی زیرِ زمین تنصیب پر قبضے کی اسرائیل کی دوسری کوشش بھی ناکام، مزید ایک فوجی ہلاک
دوسری جانب غزہ کے علاقے صابرہ میں رات 2 بجے ایک گھر پر ہونے والے حملے میں 2 خواتین اور ایک بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد شہید ہو گئے۔ رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ ان معصوم بچوں کا حماس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
اکتوبر میں ہونے والی عارضی جنگ بندی کے بعد سے اب تک اسرائیل غزہ میں ایک ہزار 7 افراد کو شہید کر چکا ہے اور دونوں فریقین ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگا رہے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق غزہ کی 81 فیصد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں اور 70 فیصد آبادی پناہ گاہوں سے محروم ہے، تاہم امدادی ٹرکوں کی آمد سے بھوک کی شرح 92 فیصد سے کم ہو کر 36 فیصد پر آ گئی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











