اتوار، 21-جون،2026
اتوار 1448/01/06هـ (21-06-2026م)

اسمارٹ فونز پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز کثرت رائے سے منظور

21 جون, 2026 15:36

قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں عوام کو ریلیف دینے اور اسمارٹ فونز کو سستا بنانے کے لیے ان پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز منظور کر لی گئی۔

سید نوید قمر کی صدارت میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں اسمارٹ فونز پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران موبائل فونز پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی پر چیئرمین ایف بی آر نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موبائل فونز پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی صرف مہنگے موبائلز پر لگائی گئی ہے۔ تاہم، کمیٹی نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں ٹیکسز کے خاتمے کی یقین دہانی پر عمل نہ ہونے پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا۔

اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے خود یقین دہانی کروائی تھی کہ ان ٹیکسز کو بجٹ میں ختم کیا جائے گا، لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : ہتھیار ڈالنے تک دہشت گردوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

کمیٹی کے رکن علی قاسم گیلانی نے اجلاس میں سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 6 ماہ سے موبائل فونز پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کا کیس لڑ رہے ہیں۔ پارلیمان کی دونوں کمیٹیوں کو یقین دہانی کے باوجود ابھی تک ٹیکسز ختم نہیں کیے گئے۔

چیئرمین کمیٹی سید نوید قمر نے بھی کہا کہ ٹیکسوں کے حوالے سے تحفظات کئی مرتبہ ایف بی آر کے سامنے رکھے جا چکے ہیں۔

علی قاسم گیلانی نے مزید کہا کہ ٹیکسوں میں کمی نہ کیے جانے کی وجہ سے صارفین اور کاروباری حلقوں میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔ بجٹ سے قبل واضح یقین دہانی کے باوجود موبائل فونز پر ٹیکسوں اور ڈیوٹیز میں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔

انہوں نے زور دیا کہ اسمارٹ فونز کو عوام کے لیے قابلِ استطاعت یعنی سستا بنانے کے لیے ٹیکسوں میں لازمی کمی کرنا ہوگی، کیونکہ اگر یہ ٹیکسز اسی طرح برقرار رہے تو ڈیجیٹل پاکستان کا حکومتی ایجنڈا ہی بری طرح متاثر ہو جائے گا۔

قائمہ کمیٹی نے اس تمام صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اسمارٹ فونز پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کی سفارش کی اور اس ڈیوٹی کو ختم کرنے کی تجویز کو منظور کر لیا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔