پینشنرز کے لیے چہرہ شناسی کے ذریعے تصدیق کا نیا ڈیجیٹل نظام متعارف

Government Eases Major Difficulty for Pensioners
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پینشنرز کے لیے ایک نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کروا دیا ہے۔ جس میں چہرہ شناسی (فیس ریکگنیشن) کے ذریعے تصدیق کی جائے گی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کر چکی ہے۔ ٹیکس دینے والے طبقے پر بوجھ کم کرنے کی کوشش بھی کی گئی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ نیا ڈیجیٹل نظام عوام کے لیے سہولت پیدا کرے گا۔ خاص طور پر بزرگ پینشنرز اس سے زیادہ فائدہ اٹھائیں گے۔ اب وہ گھر بیٹھے اپنی تصدیق مکمل کر سکیں گے۔ اس کے لیے صرف چہرہ شناسی ٹیکنالوجی استعمال ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نظام کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد شفافیت کو بڑھانا اور غیر ضروری اختیارات کو کم کرنا ہے۔
معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کے معاشی اشاریوں میں بہتری دیکھی گئی ہے۔ کرنٹ اکاؤنٹ اب سرپلس میں آچکا ہے، جو ایک مثبت علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں نے 4.25 ارب ڈالر کی ترسیلات وطن بھیجی ہیں۔ جبکہ فری لانسرز نے بھی ایک سال میں 1.6 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا ہے۔ یہ ملکی معیشت کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی توجہ برآمدات پر مبنی ترقی پر ہے۔ اسی پالیسی کے تحت مختلف شعبوں میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ زراعت کے شعبے میں جدید مشینری کی درآمد پر ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان زرعی تعاون بڑھایا جا رہا ہے۔ اب تک 885 پاکستانی طلبہ چین میں زراعت کی جدید تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ حکومت کا مقصد زرعی پیداوار کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










