منگل، 23-جون،2026
منگل 1448/01/08هـ (23-06-2026م)

رجسٹرڈ گاڑیوں کی خرید و فروخت کیلئے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار  

23 جون, 2026 11:09

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سندھ میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ اب گاڑی کی ملکیت منتقل کرنے کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔

محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن سندھ کے مطابق گاڑیوں کی خرید و فروخت اور ملکیت کی منتقلی کے لیے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔ یہ تصدیق نادرا دفاتر، ای سہولت سینٹرز اور آن لائن پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی کی جا سکتی ہے۔

نئے نظام کے تحت خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کی بائیو میٹرک تصدیق ضروری ہوگی۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد دونوں فریقین کے درمیان اسٹامپ پیپر پر تحریری معاہدہ کیا جائے گا۔ اس معاہدے پر دونوں کے دستخط لازمی ہوں گے۔

اس کے بعد شہریوں کو سوک سینٹر کراچی یا متعلقہ ایکسائز دفتر سے ٹوکن لینا ہوگا اور درخواست جمع کروانی ہوگی۔ درخواست کے ساتھ اصل رجسٹریشن بک، اسمارٹ کارڈ، شناختی کارڈ کی کاپیاں اور تصاویر سمیت دیگر ضروری دستاویزات جمع کروانا ہوں گی۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق گاڑی کی ٹرانسفر فیس اور ٹوکن ٹیکس آن لائن یا دفتر میں جمع کروایا جا سکتا ہے۔ موٹر سائیکل کی منتقلی کی فیس 605 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ 800 سے 1000 سی سی گاڑی کی فیس تقریباً 2000 روپے ہے۔

درخواست جمع ہونے کے بعد شہری کو رسید جاری کی جائے گی۔ تمام دستاویزات کی تصدیق مکمل ہونے پر 5 سے 15 ورکنگ دنوں کے اندر نیا اسمارٹ رجسٹریشن کارڈ خریدار کے نام پر جاری کر دیا جائے گا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔