منگل، 23-جون،2026
منگل 1448/01/08هـ (23-06-2026م)

آئی پی پیز سے معاہدوں میں تمام حکومتیں شامل رہیں، کسی ایک پر الزام لگانا درست نہیں، خواجہ آصف

23 جون, 2026 14:46

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے دورِ حکومت میں جو کچھ کیا وہ سب کو اچھی طرح یاد ہے، آئی پی پیز کے معاملے میں تمام سابقہ حکومتیں شامل رہی ہیں۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان نے ہمیشہ تاریخی اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے مابین سوئزرلینڈ میں طے پانے والے حالیہ بڑے معاہدے میں پاکستان کا کردار انتہائی کلیدی رہا ہے، جو ملکی سفارت کاری کی بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا موجودہ دورہ پاکستان ہمارے لیے باعثِ فخر ہے اور اس سے برادر ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : آزاد کشمیر احتجاج، بات چیت کیلئے ریاست سے وفاداری اور اطاعت پہلی شرط ہے، خواجہ آصف

نجی بجلی گھروں یعنی آئی پی پیز کے معاملے پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ان کارخانوں کے قیام اور معاہدوں میں تمام سابقہ حکومتیں شامل رہی ہیں، اس لیے کسی ایک سیاسی جماعت پر الزام لگانا بلکل درست نہیں ہے۔

انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دورِ حکومت میں جو کچھ کیا، وہ سب کو اچھی طرح یاد ہے اور ان کے دور میں اس معاملے پر کوئی کام بلکل نہیں ہوا تھا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ملک میں پاور پلانٹس لگتے گئے اور ان کے کیپسٹی چارجز بڑھتے چلے گئے، جس کے بعد حکومتوں نے شدید مجبوری کے تحت ان نجی کمپنیوں کو کیپسٹی پیمنٹس کیں۔

انہوں نے کہا کہ اخلاقی طور پر بغیر سوچے سمجھے دوسروں پر الزام تراشی اور تہمت لگانا درست نہیں ہے، بلکہ الزام لگانے سے پہلے ہر ایک کو سوچنا چاہیے کہ کیا ہم خود اس گناہ میں شامل تو نہیں ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔