حکومت کو غیر قانونی کہنا محض ایک ذہنی اختراع ہے، وزیر اعظم

وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ 2024 کے انتخابات کی تحقیقات کرانی ہے تو پھر 2018 کے انتخابات سے تحقیقات شروع کی جائے، حکومت کو غیر قانونی کہنا محض ایک ذہنی اختراع ہے۔
وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے آج کے دن کو ملکی تاریخ کا ایک بڑا اور ساز دن قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ سوئزرلینڈ کے تفریحی مقام برگنسٹاک میں سارا دن اور رات بھر تفصیلی گفتگو چلتی رہی، جس کے بعد صبح کے ڈھائی 3 بجے ایک مشترکہ اعلامیہ تیار کیا گیا، جس کی تمام سفارتی جماعتوں نے توثیق کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی کے بعد اب امریکہ اور ایران کے درمیان اگلے 60 دن میں باقاعدہ تکنیکی بات چیت ہوگی، جس میں جوہری اثاثوں اور منجمد اثاثوں سے متعلق اہم گفتگو ہوگی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان 60 دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان ایک طویل المدتی معاہدہ مکمل ہو جائے گا، جس سے پوری دنیا میں مستقل امن قائم ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران امریکہ مذاکرات مثبت ماحول میں ہوئے، مشترکہ روڈ میپ پر اتفاق کیا گیا، وزیر اعظم
انہوں نے اس تاریخی ثالثی پر تمام ممبران اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دنیا کے میڈیا میں پاکستان کا ایک انتہائی مثبت تاثر پیدا ہوا ہے، جو اربوں روپے خرچ کر کے بھی حاصل نہیں کیا جا سکتا تھا۔
وزیر اعظم نے اپوزیشن کے احتجاج پر کہا کہ آج کا دن اختلافی معاملات اٹھانے یا احتجاج کا بلکل نہیں تھا، بلکہ یہ ملک کی یکجہتی پر اللہ کا شکر ادا کرنے کا دن ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ملک کی ترقی چاروں صوبوں کی ترقی سے جڑی ہے اور وفاق تمام صوبوں پر برابر وسائل خرچ کر رہا ہے، یہاں تک کہ پنجاب اپنے فنڈز میں سے دیگر صوبوں کی فلاح پر 11 ارب روپے خرچ کر رہا ہے۔
اپوزیشن لیڈر کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حکومت کو غیر قانونی کہنا محض ایک ذہنی اختراع ہے، اگر 2018 کے الیکشن کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں تو معلوم ہو جائے گا کہ وہاں کس طرح کی جادوگری ہوئی، ڈبے بھرے گئے اور دھمکیاں دی گئیں۔
وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ 2024 کے انتخابات کی تحقیقات کرانی ہے تو پھر 2018 کے انتخابات سے تحقیقات شروع کی جائے، اگر بات نکلے گی تو بہت دور تلک جائے گی، اگر وہ حکومت قانونی تھی، تو یہ حکومت بھی پوری طرح قانونی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










