عرس مبارک کی تیاریوں کا جائزہ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی حضرت بری امامؒ مزار ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے حضرت بری امامؒ مزار کی ترقی و انتظامی کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سالانہ عرس مبارک کی تیاریوں اور مزار کے ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔

اجلاس میں 14 اگست 2026 کو منعقد ہونے والی چادر پوشی کی تقریب اور 15 سے 17 اگست 2026 تک جاری رہنے والے عرس مبارک کے انتظامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ توقع ہے کہ عرس کی تقریبات میں ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مند شرکت کریں گے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کمیٹی کے اراکین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ زائرین کے لیے بہترین سہولیات اور منظم انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت بری امامؒ کا مزار روحانی، مذہبی اور ثقافتی اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور یہ پاکستان کی صوفی روایات، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی علامت ہے۔

اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی سربراہی میں قائم ذیلی کمیٹی کو ہدایت کی کہ مزار پر جاری تعمیراتی، تزئین و آرائش اور دیکھ بھال کے تمام کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ عرس مبارک سے قبل زائرین کے لیے تمام سہولیات دستیاب ہوں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وزیر مملکت برائے داخلہ و انسداد منشیات طلال چوہدری، سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، لیفٹیننٹ جنرل (ر) افضل جنجوعہ، راجہ سرفراز اکرم، گوہر زاہد ملک، سہیل اقبال بھٹی اور دیگر کمیٹی اراکین نے شرکت کی۔
شرکاء نے مزار پر جاری ترقیاتی منصوبوں، صفائی، سکیورٹی، ہجوم کے نظم و نسق اور زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حضرت بری امامؒ کے مزار کے مذہبی اور ثقافتی تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے زائرین کے لیے مزید بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ حضرت بری امامؒ کا سالانہ عرس ملک کی اہم روحانی تقریبات میں شمار ہوتا ہے جو امن، رواداری، محبت اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان ملک کے مذہبی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔
اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ باہمی رابطہ اور تعاون کے ذریعے چادر پوشی اور عرس مبارک کی تقریبات کے کامیاب انعقاد کے لیے انتظامات کو بروقت مکمل کریں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








