جمعرات، 25-جون،2026
جمعرات 1448/01/10هـ (25-06-2026م)

بارہ کہو بائی پاس پر ٹرک نے پیدل چلنے والوں کو کچل ڈالا، ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق

25 جون, 2026 13:36

اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو بائی پاس پر آٹے سے لدا ٹرک بے قابو ہو کر پیدل چلنے والوں پر چڑھ دوڑا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اسلام آباد کے بارہ کہو بائی پاس پر آٹے کی بوریوں سے لدا ایک تیز رفتار ٹرک بے قابو ہو کر سڑک کنارے پیدل چلنے والے افراد پر چڑھ گیا۔

اطلاعات کے مطابق حادثہ ٹرک کا اگلا ایکسل ٹوٹنے کی وجہ سے پیش آیا، جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ حادثے کے فوراً بعد ملزم ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پمز اسپتال کے ذرائع کے مطابق حادثے کی شکار 36 سالہ ماریہ زوجہ حمزہ، ان کی 9 سالہ بیٹی عائشہ اور 14 سالہ دوسری بیٹی آمنہ جاں بحق ہو گئیں جبکہ 22 سالہ امام دختر معین نور شدید زخمی ہیں، جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : مانسہرہ میں ڈمپر سیاحوں کی گاڑی پر چڑھ گیا، بچے سمیت 3 جاں بحق

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور ایس ایس پی آپریشنز نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور کرین منگوا کر ٹرک کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک بحال کرائی۔

پولیس نے ٹرک کو اپنے قبضے میں لے کر اس کا تکنیکی معائنہ شروع کر دیا ہے اور مفرور ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

انتظامیہ نے مستقبل میں ایسے حادثات کو روکنے کے لیے فوری طور پر بائی پاس کے اندر موٹر سائیکلوں کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس کے علاوہ بائی پاس پر واک کرنے والے شہریوں کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے گی اور 2 دن بعد وہاں واک کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔