وزیر اعلیٰ پنجاب کے 3 بڑے اسپتالوں کے افتتاح کی منظوری دے دی

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہیلتھ کیئر کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبے کے 3 بڑے اسپتالوں کے افتتاح کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے اندر صحت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 22 ملین مریضوں کا مفت علاج کیا گیا ہے، جبکہ بچوں کے دل کے آپریشنز کے پروگرام کے تحت 13 ہزار 550 بچوں کے دل کی مفت سرجریز مکمل کی جا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ صوبے میں 7 لاکھ 28 ہزار مریضوں کو ان کی دہلیز پر مفت ادویات پہنچائی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا تعمیراتی کام مکمل ہونے پر اس کے اعلیٰ معیار کو سراہا اور کہا کہ اسے دیکھ کر ایسا لگتا ہے، جیسے یہ سعودی عرب کا کوئی بڑا اسپتال ہو۔
اس اسپتال کا افتتاح 15 جولائی کو کیا جائے گا۔ اس کے بعد نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کا افتتاح 31 جولائی 2026 کو ہوگا، جبکہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کا افتتاح 15 اگست کو کیا جائے گا، جہاں 10 جولائی تک بھرتیاں مکمل کر لی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب میں ٹیکس چوری روکنے کیلئے میرج ہالز، مارکیز اور ریسٹورنٹس میں کیمرے لگانے کا فیصلہ
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام کی باقاعدہ منظوری دی، جس کے تحت بیرون ملک مقیم ماہر پاکستانی اور غیر ملکی ڈاکٹروں کو شارٹ ٹرم سروس کے لیے پنجاب لایا جائے گا اور انہیں بہترین معاوضہ دیا جائے گا۔
یہ ڈاکٹرز پنجاب کے 12 منتخب اسپتالوں میں 15 دن کام کریں گے اور انہیں 8 اقسام کی ایڈوانس سرجریز کرنے کی اجازت ہوگی۔
اس پروگرام کے لیے ایک آپریشنل ویب پورٹل اور ڈیش بورڈ قائم کیا جائے گا، جہاں آن لائن رجسٹریشن اور تعیناتی کی معلومات دستیاب ہوں گی۔
یہ ڈاکٹرز مقامی اسٹاف کو ٹریننگ بھی دیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے نرسنگ سیکٹر کے لیے بھی اسی طرز پر نیا پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اسپتالوں کے ڈائریکٹرز کو انتہائی فعال ہونا چاہیے کیونکہ پنجاب میں بہترین انسانی وسائل لانا ان کا مشن ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









