صدر اور وزیر اعظم کا یوم عاشورہ کے موقع پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے یوم عاشور کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ یوم عاشور اسلامی تاریخ کا عظیم اور بامعنی دن ہے، یوم عاشور صبر، استقامت پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے، یہ دن کئی اہم تاریخی واقعات کی یاد تازہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا دائمی پیغام اور زندہ درس گاہ ہے،امام حسینؑ نے تعلیم دی حق اور عدل کیلئے ہر قسم کی قربانی دی جاسکتی ہے، عہد کرنا چاہیے امام حسینؑ کی سیرت سے حق پسندی کو زندگی کا حصہ بنائیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی امن، رواداری، بین المسالک احترام اور بھائی چارے کو فروغ دیں، پاکستانی افواہوں اور اشتعال انگیز رویوں سے اجتناب کریں، پاکستانی عوام قومی وحدت اور یکجہتی کے استحکام کیلئے مثبت کردار ادا کریں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یوم عاشور اسلامی تاریخ کا فکر انگیز دن ہے، یوم عاشور ایثار اور حق پسندی کے اسباق سے روشناس کرواتا ہے، یہ دن اللہ کی نصرت اور اہل ایمان کی کامیابی کے واقعات کی یاد دہانی ہے، یہ دن حق کی سربلندی کیلئے قربانیوں کے واقعات کی یاد دہانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ اور رفقا کی قربانی نے یوم عاشور کو تاریخ اسلام میں اہم بنادیا، واقعہ کربلا پیغام دیتا ہے اصولوں، اقتدار کی پاسداری باوقار معاشرے کی بنیاد ہے، حق کیلئے قربانی باطل کے سامنے سر تسلیم خم کرنے سے افضل ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں عدل و انصاف کو فروغ دینا چاہیے، صبر و برداشت اور ذمے داری کے اوصاف کو بھی فروغ دینا چاہیے، اختلافات، نفرت اور انتشار کے بجائے باہمی احترام ہمارا پیش نظر ہونا چاہیے، رواداری اور یکجہتی جیسی اقدار کی مضبوطی ہمارا پیش نظر ہونا چاہیے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











