ہفتہ، 27-جون،2026
ہفتہ 1448/01/12هـ (27-06-2026م)

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں؛ فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک

27 جون, 2026 11:06

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر 25 اور 26 جون کو دو الگ الگ کامیاب آپریشن کیے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خاران میں کیے گئے آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی تنظیم "فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

دوسری جانب مستونگ میں ممکنہ خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ اس آپریشن میں خودکش حملہ آور سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے۔ دونوں کارروائیوں میں مجموعی طور پر 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

فورسز نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، دھماکا خیز مواد اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ "عزم استحکام” کے تحت ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف مہم بلا تعطل جاری رہے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خاران اور مستونگ میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ فورسز نے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔

وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک جاری رہیں گی اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ امن دشمنوں کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست دی جائے گی اور دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان میں خوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ فورسز نے بروقت کارروائیوں سے خوارج کے ناپاک عزائم ناکام بنائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم کو اپنی سیکیورٹی فورسز کی جرات اور مہارت پر فخر ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری نے خاران اور مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کا خاتمہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور جرات کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کارروائیوں میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سیکیورٹی اہلکاروں پر فخر کرتی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔