ہفتہ، 27-جون،2026
ہفتہ 1448/01/12هـ (27-06-2026م)

کراچی: پسند کی شادی کرنے والی 18 سالہ مصباح کی پراسرار موت، عدالت کے حکم پر قبر کشائی کا آغاز

27 جون, 2026 11:25

کراچی: سرجانی ٹاؤن میں مبینہ تشدد کے باعث جاں بحق ہونے والی 18 سالہ مصباح کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ عدالت کے احکامات کی روشنی میں آج بشیر چوک والا قبرستان میں مقتولہ کی قبر کشائی کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق موت کی اصل وجوہات کا تعین کرنے کے لیے سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں قبر کشائی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

اس مقصد کے لیے ایک خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ پولیس سرجن کراچی بورڈ کی سربراہی کریں گی۔ ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر کامران شیخ کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر صدف ہارون اور ڈاکٹر محمد یٰسین بورڈ کے ارکان کے طور پر شامل ہیں۔

حکام کے مطابق قبر کشائی کے بعد مصباح کا تفصیلی پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ ضروری نمونے حاصل کر کے فرانزک تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوائے جائیں گے تاکہ موت کی وجہ کا سائنسی بنیادوں پر حتمی تعین ہو سکے۔

یاد رہے کہ مصباح کے اہلخانہ نے اس کے شوہر پر شدید تشدد کے سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

ورثا کا کہنا ہے کہ مصباح نے پسند کی شادی کی تھی۔ وہ زخمی حالت میں میکے پہنچی اور صرف دو روز بعد دم توڑ گئی۔ اہلخانہ نے واقعے کو قتل قرار دے کر انصاف کا مطالبہ کیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ کی حتمی رپورٹ ملنے کے بعد ہی کیس کی تفتیش کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ فرانزک شواہد کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔