کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا مالیاتی نیٹ ورک بے نقاب، گروہ میں ملوث افراد گرفتار

راولاکوٹ / آزاد کشمیر: آزاد جموں و کشمیر پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ایک کالعدم تنظیم سے منسلک مالیاتی نیٹ ورک بے نقاب کرنے اور اس میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ نیٹ ورک کے ذریعے مختلف افراد سے مبینہ طور پر رقم اکٹھی کی جاتی تھی اور بعض معاملات میں بیرونِ ملک سے مالی معاونت بھی حاصل کی جا رہی تھی۔
ذرائع کے مطابق یہ رقوم مبینہ طور پر راولاکوٹ میں ہونے والے دھرنوں اور بعض پرتشدد سرگرمیوں کی مالی معاونت کے لیے استعمال کی جا رہی تھیں۔
پولیس نے کارروائی کے دوران نیٹ ورک سے منسلک چند افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جن میں سہولت کار کے طور پر شناخت کیے گئے مہتاب احمد اور رضوان بھی شامل ہیں۔
گرفتار ملزم مہتاب احمد کے بیان کے مطابق، مبینہ تنظیم کے ایک سرکردہ شخص حمزہ نے مختلف افراد سے فنڈز جمع کر کے انہیں راولاکوٹ منتقل کرنے کی ہدایت دی تھی۔
ان کے مطابق انہیں فنڈز لے جاتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کیا۔
ایک اور گرفتار شخص رضوان کے مطابق بھی انہیں مختلف افراد سے رقوم وصول کر کے آگے پہنچانے کی ہدایت دی گئی تھی۔
مزید برآں، پولیس ذرائع کے مطابق مبینہ تنظیم سے منسلک ایک اہم شخصیت حمزہ کے والد نے بھی ابتدائی طور پر مالی معاونت سے متعلق کچھ تفصیلات کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ان کے بیٹے نے راولاکوٹ کے لیے ان سے رقم منگوائی تھی، تاہم بعد ازاں انہوں نے اس تنظیم سے کسی بھی مزید وابستگی سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔
پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ مبینہ مالیاتی نیٹ ورک کے دیگر پہلوؤں اور اس کے ممکنہ روابط کو واضح کیا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











