بلاول بھٹو، صدر اور چیئرمین سینیٹ کا استعفیٰ لائیں، ہمارے وزراء کے استعفے حاضر ہیں، علی خورشیدی

علی خورشیدی نے بلاول بھٹو زرداری کو چیلنج کیا ہے کہ اگر وہ سندھ کے مسائل پر سنجیدہ ہیں تو صدرِ پاکستان اور چیئرمین سینیٹ کا استعفیٰ لائیں، ایم کیو ایم کے 2 وفاقی وزراء کا استعفیٰ حاضر ہے۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماء اور اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قومی اسمبلی میں کی گئی تقریر کا سخت جواب دیا ہے۔
علی خورشیدی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے ایم کیو ایم کے اراکین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے طنز کیا تھا کہ وفاق آپ کو لولی پاپ پر چلا رہا ہے، وفاقی حکومت سے نکلیں، کراچی اہم ہے یا کرسیاں؟
علی خورشیدی نے سندھ کے مسائل گنواتے ہوئے کہا کہ ارسا پانی کی تقسیم میں سندھ کے ساتھ 48 فیصد کی زیادتی کر رہا ہے، سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے کے باوجود سوئی گیس سندھ کو گیس نہیں دے رہی، اور کے الیکٹرک، ہیسکو اور سیپکو شہروں میں 16 سے 18 گھنٹے جبکہ دیہاتوں میں 2، 2 دن کی لوڈ شیڈنگ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد، سکھر موٹر وے اور کراچی، حیدرآباد موٹر وے بن کر نہیں دے رہے، جبکہ کے فور اور گرین لائن منصوبے بھی تاخیر کا شکار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم اپنی کابینہ کے وزرا کو کنٹرول کریں، خواجہ آصف کو کشمیریوں سے معافی مانگنی چاہیے، بلاول بھٹو
ایم کیو ایم کے رہنماء نے سابق وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ وفاقی حکومت میں ہونے کی وجہ سے یہ سارے مسائل حل کرنا صرف ایم کیو ایم کی ذمہ داری ہے، تو ہم یہ ذمہ داری لینے کو تیار ہیں۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو براہ راست چیلنج کیا کہ پیپلز پارٹی وفاق میں صدرِ پاکستان، چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور 2 گورنرز کے عہدوں پر بیٹھی ہوئی ہے، جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن اور وفاقی محتسب جیسے عہدوں کے مزے بھی لے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سندھ کے حقوق کی سچی لڑائی لڑنی ہے تو پیپلز پارٹی صدرِ پاکستان، چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی اسپیکر کے استعفے سامنے رکھے، ایم کیو ایم اپنے 2 وفاقی وزراء کے استعفے ان کے ہاتھ میں دینے کو تیار ہے۔
علی خورشیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے خود بھی وفاقی بجٹ پاس کروایا ہے، اس لیے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے عملی قدم اٹھائیں، اگر وہ سندھ کے پانی اور دیگر حقوق کے لیے کھڑے ہوں گے تو ایم کیو ایم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











