ایرانی سپریم لیڈر کا امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ چلانے کا حکم

ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے عدلیہ کو ملکی اور عالمی عدالتوں میں امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمات چلانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ نومولود بچوں سے لے کر بزرگوں اور عظیم رہنماؤں کو شہید کرنے والے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ملکی عدلیہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے جنگی جرائم کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ امریکی اور اسرائیلی مظالم اور جرائم کو ملکی اور عالمی عدالتوں میں اٹھایا جائے اور میناب اسکول کے جنگی مجرموں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی پاسداران انقلاب کے کویت اور بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر بڑے حملے
سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ شہید رہبر کی ہدایات پر عمل کرنا ہی عدلیہ کی کامیابی کی اصل کنجی ہے، اور جب عدلیہ کامیاب ہوگی تو عوام کا نظام پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ عوام کو اپنی روزمرہ زندگی میں عدالتی اصلاحات کے اثرات عملی طور پر نظر آنے چاہئیں، اس لیے اصلاحات صرف کاغذوں اور منصوبوں تک محدود نہ رہیں بلکہ انہیں عملی طور پر نافذ کیا جائے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری عوام کے حقوق کا تحفظ اور بدعنوانی کا خاتمہ یقینی بنانا ہے۔ امریکی اور اسرائیلی جارحیت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے عالمی عدالت سے رجوع کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ دشمنوں نے نومولود بچوں سے لے کر بزرگ شہریوں تک کو شہید کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے عہد کی بے مثال شخصیت اور عظیم رہنما کو بھی شہید کیا گیا ہے، اور ایسے ہزاروں سنگین مقدمات موجود ہیں، جن کو ملکی اور عالمی عدالتوں میں لے کر جانا چاہیے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











