آئندہ مالی سال سے ریٹائرڈ ملازمین کیلئے پنشن کارڈ متعارف کروانے کی تجویز

Great news for pensioners; Government's sudden important move
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے آئندہ مالی سال سے پنشن کارڈ متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔
کے ایم سی کے مرکزی دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد پنشن اور بقایاجات کی ادائیگی کے نظام کو مزید شفاف، منظم اور آسان بنانا ہے تاکہ ریٹائرڈ ملازمین کو بروقت ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پنشن کارڈ کے ساتھ ساتھ ادارے میں مکمل ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام بھی نافذ کیا جائے گا۔ اس نئے نظام کے تحت تمام تنخواہیں، پنشن اور دیگر ادائیگیاں براہ راست ملازمین کے بینک اکاؤنٹس میں ای ٹرانسفر کے ذریعے کی جائیں گی۔ اس اقدام سے کاغذی کارروائی کم ہوگی، ادائیگیوں میں تاخیر ختم ہوگی اور شفافیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نے کہا کہ مزدور دوست پالیسی کے تحت کے ایم سی کے 11 ہزار 500 ملازمین کو ہیلتھ انشورنس فراہم کی جا چکی ہے۔ اس اقدام کے بعد کے ایم سی ملک کا پہلا بلدیاتی ادارہ بن گیا ہے جہاں تمام ملازمین کے لیے طبی انشورنس کی سہولت دستیاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس پروگرام کے ذریعے ملازمین ملک بھر کے 200 سے زائد معروف اسپتالوں میں ڈیڑھ لاکھ سے 6 لاکھ روپے تک مفت علاج کروا سکیں گے۔ اس نظام کے بعد علاج کے لیے سفارش یا خصوصی اجازت کی ضرورت نہیں رہے گی، بلکہ تمام ملازمین کو یکساں بنیادوں پر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
میئر کراچی نے کہا کہ شہری املاک کے تحفظ کے لیے بھی نئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے خصوصی ویجیلنس اسکواڈ قائم کیا گیا ہے، جسے جدید الیکٹرک بائیکس فراہم کی گئی ہیں۔ ان بائیکس کے استعمال سے ایندھن کے اخراجات میں کمی آئے گی اور نگرانی کا نظام مزید مؤثر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہوٹی مارکیٹ، ایمپریس مارکیٹ، مچھی میانی مارکیٹ، فریئر مارکیٹ اور لی مارکیٹ کی بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ خالق دینا ہال، کے ایم سی ہیڈ آفس اور شہر کی قدیم عوامی لائبریری ڈینسو ہال کو بھی اصل تاریخی انداز میں بحال کیا گیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











