منگل، 30-جون،2026
منگل 1448/01/15هـ (30-06-2026م)

خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے جمعہ کے روز ورک فرام ہوم کی سہولت ختم کر دی

30 جون, 2026 10:19

خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے جمعہ کے روز دی جانے والی 100 فیصد ورک فرام ہوم کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

محکمہ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ورک فرام ہوم سے متعلق 17 مارچ 2026 کو جاری کیا گیا نوٹیفکیشن فوری طور پر واپس لے لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پہلے دی گئی خصوصی رعایت بھی ختم کر دی گئی ہے، جس کے تحت سرکاری ملازمین جمعہ کے روز گھروں سے فرائض انجام دے رہے تھے۔

حکومت کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق آئندہ ہر جمعہ سرکاری دفاتر معمول کے شیڈول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ تمام ملازمین کو دفاتر میں حاضر ہونا ہوگا اور سرکاری امور پہلے کی طرح انجام دیے جائیں گے۔ اس فیصلے کا مقصد دفتری نظام کو مزید مؤثر بنانا اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے 54 ویں اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی روشنی میں کیا گیا۔ کابینہ نے مختلف انتظامی امور کا جائزہ لینے کے بعد ورک فرام ہوم کی سہولت ختم کرنے کی منظوری دی، جس کے بعد محکمہ ایڈمنسٹریشن نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے تمام سرکاری محکموں، خودمختار اداروں اور متعلقہ دفاتر کو ہدایت جاری کی ہے کہ نئے فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ تمام انتظامی افسران کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ ملازمین کی حاضری اور دفتری نظم و ضبط کی نگرانی کریں تاکہ حکومتی فیصلے پر مکمل عمل ہو سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔