موسلادھار بارشیں؛ محکمہ موسمیات نے بڑی خوشخبری سنادی

Heavy rains; Meteorological Department announces good news
محکمہ موسمیات نے یکم جولائی سے ملک کے مختلف علاقوں میں پری مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی موسم کا ایک مضبوط سسٹم بالائی علاقوں میں داخل ہونے والا ہے، جس کے باعث کئی شہروں میں تیز بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے۔ متعلقہ اداروں نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
یکم سے 6 جولائی کے دوران لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ سندھ کے بعض علاقوں میں بھی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سال مون سون بارشوں کا آغاز شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر سے ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ پھیل سکتا ہے۔
بارشوں کے پیش نظر ندی نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد خصوصی احتیاط کریں۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بھی 6 جولائی تک صوبے کے بیشتر اضلاع کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، حافظ آباد، شیخوپورہ، نارووال، سرگودھا، خوشاب، جھنگ، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، قصور، بہاولپور، ملتان، خانیوال، لودھراں، لیہ، میانوالی اور دیگر کئی اضلاع میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل رکھے جائیں تاکہ عوام کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ گرج چمک اور آسمانی بجلی کے دوران کھلے میدانوں میں جانے سے گریز کریں۔ تیز آندھی اور گردوغبار کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں۔ شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاح موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور غیر ضروری طور پر پہاڑی ندی نالوں یا خطرناک مقامات کا رخ نہ کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 سے فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھی شدید گرمی اور متوقع بارشوں کے باعث گلیشیئر تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دریاؤں میں پانی کی سطح غیر معمولی حد تک بڑھنے کا خطرہ موجود ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










