منگل، 30-جون،2026
منگل 1448/01/15هـ (30-06-2026م)

پنجاب میں ای چالان نادہندگان کے خلاف یکم جولائی سے سخت کارروائی

30 جون, 2026 11:38

پنجاب ٹریفک پولیس نے ای چالان کی ادائیگی نہ کرنے والے شہریوں کے خلاف یکم جولائی سے سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں ای چالان نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور سڑکوں پر نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانا ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق تمام اضلاع میں ٹریفک اہلکاروں کو جدید ٹریفک ون ایپ فراہم کر دی گئی ہے۔ اس ایپ کی مدد سے اہلکار موقع پر ہی گاڑی یا موٹرسائیکل کا ریکارڈ چیک کر سکیں گے اور یہ معلوم کر سکیں گے کہ متعلقہ گاڑی پر کوئی ای چالان بقایا ہے یا نہیں۔ اس نظام کے ذریعے فوری طور پر واجبات کی ادائیگی بھی ممکن بنائی جائے گی۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ جو شہری مقررہ وقت تک اپنے ای چالان ادا نہیں کریں گے، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر موٹرسائیکل یا گاڑی کو بند بھی کیا جا سکتا ہے۔

ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ای چالان کی تفصیلات باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں۔ اس مقصد کے لیے پنجاب سیف سٹی کی ویب سائٹ پر آن لائن سہولت موجود ہے، جہاں گاڑی یا موٹرسائیکل کے رجسٹریشن نمبر کے ذریعے بقایا ای چالان کی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ بروقت ادائیگی سے قانونی کارروائی اور اضافی مشکلات سے بچا جا سکتا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ عوام ای چالان کو نظر انداز نہ کریں بلکہ مقررہ وقت کے اندر ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی قانونی کارروائی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔