منگل، 30-جون،2026
منگل 1448/01/15هـ (30-06-2026م)

دکی میں بھتہ نہ دینے پر فتنہ الہندوستان کے ہاتھوں دو غریب مزدور اغوا، حکومت سے بازیابی کا مطالبہ

30 جون, 2026 12:07

دو غریب مقامی مزدوروں کو فتنہ الہندوستان (بی ایل اے) کے دہشت گردوں نے بھتہ نہ دینے پر ڈیڑھ ماہ سے اغوا کر رکھا ہے، جس پر مغویوں کی ماؤں نے حکومت سے بیٹوں کی فوری بازیابی کی اپیل کردی۔

بلوچستان کے علاقے دکی میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی جانب سے غریب اور بے قصور عوام کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔

ایک تعمیراتی منصوبے پر کام کرنے والے دو مقامی نوجوان مزدوروں کو دہشت گردوں نے گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے اغوا کر کے لاپتہ کر رکھا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ان مزدوروں کو فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے صرف اس وجہ سے اغوا کیا کیونکہ انہوں نے بھتہ دینے سے انکار کر دیا تھا۔

دکی سے اغوا ہونے والے غریب مزدوروں امین اللہ اور وزیر خان کی مائیں اپنے بیٹوں کی بحفاظت واپسی کی راہ تک رہی ہیں اور انہوں نے شدید غم کی حالت میں حکومت سے بازیابی کی درد مندانہ اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں؛ فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک

مغوی مزدور کی منتظر والدہ کا کہنا ہے کہ کام سے گھر واپسی کے دوران امین اللہ اور وزیر خان کو بی ایل اے کے دہشت گردوں نے زبردستی اغوا کر لیا۔

انہوں نے روتے ہوئے بتایا کہ ان کے بیٹے بے قصور ہیں، ان کی نہ تو کسی سے کوئی دشمنی ہے اور نہ ہی انہوں نے کبھی کسی کو کوئی نقصان پہنچایا ہے۔

والدہ کا مزید کہنا تھا کہ بیٹوں کی جدائی میں ہمارے دل غم سے پھٹے جا رہے ہیں اور ہم بھوکے پیاسے اسی انتظار میں بیٹھے ہیں کہ ابھی ہمارے بیٹے واپس آ جائیں گے۔ ماؤں نے اپیل کی ہے کہ امین اللہ اور وزیر خان کو ان ظالموں کے چنگل سے فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔

اس واقعے سے یہ واضح ہوتا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد بلوچستان میں امن اور ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے غریب مزدوروں کے بھی کھلے دشمن بن چکے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔