منگل، 30-جون،2026
منگل 1448/01/15هـ (30-06-2026م)

مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر محمد خان نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا

30 جون, 2026 12:27

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سے پہلے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان نے انتخابی ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔

بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان نے اپنا تحریری استعفیٰ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کو بھجوا دیا۔ استعفے میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی نے ٹکٹوں کی تقسیم کے دوران میرٹ کو نظر انداز کیا۔ اس فیصلے سے کارکنوں اور مقامی عوام میں شدید مایوسی پیدا ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ ایل اے 15 باغ میں انہیں عوام اور پارٹی کارکنوں کی بھرپور حمایت حاصل تھی۔ اس کے باوجود انہیں انتخابی ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ کارکنوں کی رائے اور عوامی اعتماد کو نظر انداز کرنا پارٹی کے اپنے اصولوں کے خلاف ہے۔

ڈاکٹر محمد خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ "ووٹ کو عزت دو” کا نعرہ لگاتی رہی ہے، لیکن ٹکٹوں کی تقسیم کے موقع پر اسی اصول پر عمل نہیں کیا گیا۔ شفافیت، میرٹ اور جمہوری روایات کو نظر انداز کرنے سے پارٹی کارکنوں کا اعتماد متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل ناانصافی اور میرٹ کی خلاف ورزی کے باعث انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا مشکل فیصلہ کیا۔ تاہم انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا اور امید ظاہر کی کہ پارٹی مستقبل میں کارکنوں کی رائے کو زیادہ اہمیت دے گی۔

دوسری جانب سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ (ن) باغ کے متعدد عہدیدار اور کارکن بھی ان کے ساتھ پارٹی چھوڑ سکتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق درجنوں مقامی رہنما نئی سیاسی جماعت میں شمولیت کی تیاری کر رہے ہیں، جس سے حلقہ ایل اے 15 باغ کی انتخابی صورتحال مزید دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔