آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنا عالمی امن کے لیے خطرناک ہے، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی مکمل بحالی کے بغیر پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن ممکن نہیں اور کروڑوں عوام کے آبی حقوق کے تحفظ پر پوری قوم متحد ہے۔
سندھ طاس معاہدے پر منعقدہ بین الاقوامی سیمینار سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پانی صرف جغرافیہ کا نام نہیں بلکہ یہ ہماری خوراک، مستقبل اور زندگی کا سوال ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب پوری دنیا کو یہ احساس ہو چکا ہے کہ پانی کے وسائل عالمی سیاست اور قومی سلامتی کا مرکزی مسئلہ بن چکے ہیں۔
انہوں نے ایک مثال دیتے ہوئے واضح کیا کہ جس طرح آبنائے ہرمز کی بندش پوری عالمی معیشت کو شدید متاثر کرتی ہے، اسی طرح دریائے سندھ کا پانی پاکستان کے وجود اور زندگی کی سب سے بڑی ضمانت ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ سمندری گزرگاہوں یا آبی وسائل کو کسی بھی ملک کی جانب سے بطور ہتھیار استعمال کرنا عالمی امن کے لیے ایک انتہائی خطرناک رجحان ہے اور سندھ طاس معاہدے کی بحالی کے بغیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی بھی پائیدار امن کا خواب ممکن نہیں ہو سکتا۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر کے پاکستانیوں کی زندگی خطرے میں ڈال رہا ہے، خرم دستگیر
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ جنگ بندی کی تمام شرائط پر مخلصانہ عمل کیا، جبکہ بھارت نے اپنے وعدوں کی مکمل پاسداری بلکل نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کے حصے کے پانی کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے کیونکہ سندھ محض ایک دریا نہیں بلکہ کروڑوں شہریوں کی زندگی، زراعت اور پوری معیشت کا واحد ذریعہ ہے، اور سندھ، جہلم اور چناب کے پانی پر پاکستان کا حق عالمی معاہدے کے تحت تسلیم شدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانی کے معاملے کو محض تکنیکی تنازع نہیں بلکہ قومی سلامتی کے اہم مسئلے کے طور پر دیکھا جانا چاہیے اور پاکستان کے آبی حقوق کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا قومی سطح پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں ہے لیکن اپنے عوام کے بنیادی حقوق اور آبی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا کیونکہ کروڑوں عوام کے حق آب کے تحفظ پر پوری پاکستانی قوم ایک پیج پر متحد ہے اور پانی کا سیاسی دباؤ یا بطور ہتھیار استعمال عالمی قوانین اور معاہدوں کے سراسر منافی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









