لاہور: ٹیوشن سینٹر واقعے میں جاں بحق بچوں کی تعداد 14 ہوگئی، اموات بڑھنے کا خدشہ

لاہور کے علاقے کاہنہ، کچوانہ روڈ پر واقع ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق جبکہ متعدد بچے اور ایک خاتون ٹیچر زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور تمام زخمیوں اور جاں بحق افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق حادثے میں 14 بچے جاں بحق ہوئے جبکہ ٹیچر سمیت 8 افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں میں متعدد بچوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق بچوں کی عمریں 4 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں عبداللہ، سلمان، عروج، ماہ نور، تشبیہ، فواد، ایمان فاطمہ، خدیجہ، ارتضیٰ، رمشا، علی، ارحم، دعا اور دیگر بچے شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزرا کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عمارت کے مالک ریحان، اس کے بھائی محمد فیضان اور مستری عمیر کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









