بدھ، 1-جولائی،2026
بدھ 1448/01/16هـ (01-07-2026م)

سخت کریک ڈاؤن کا آغاز، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی تیز

01 جولائی, 2026 08:59

راولپنڈی: شہر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس نے ایک بار پھر سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کے احکامات پر شہر بھر میں زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اس پالیسی کے تحت مال روڈ، پشاور روڈ سمیت تمام بڑی اور چھوٹی شاہراہوں پر خصوصی ناکے قائم کر کے ٹریفک پولیس کی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق اس مہم کا بنیادی مقصد شہریوں کو جرمانہ کرنا نہیں بلکہ ٹریفک حادثات میں جانی نقصان کو کم کرنا اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے کہا کہ حادثات میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا طبقہ موٹر سائیکل سوار ہے، جن میں سے ایک بڑی تعداد سر پر لگنے والی چوٹوں کے باعث جان کی بازی ہار جاتی ہے۔

ان کے مطابق حادثات میں تقریباً 73 فیصد کیسز موٹر سائیکل سواروں سے متعلق ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں چلائی گئی ہیلمٹ آگاہی اور انفورسمنٹ مہم کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، جس کے باعث سر کی چوٹوں کے واقعات میں تقریباً 40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سی ٹی او نے امید ظاہر کی کہ اس نئی اور سخت مہم کے تسلسل سے نہ صرف حادثات میں مزید کمی آئے گی بلکہ ہسپتالوں کی ایمرجنسیز پر بھی بوجھ کم ہوگا۔

ٹریفک پولیس حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہیلمٹ کا استعمال صرف چالان سے بچنے کے لیے نہیں بلکہ اپنی جان بچانے کے لیے یقینی بنائیں۔

فرحان اسلم کے مطابق ہیلمٹ پہننا اور لین لائن ڈسپلن کی پابندی محفوظ سفر کی بنیادی ضمانت ہے، لہٰذا شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تاکہ وہ حادثات اور قانونی کارروائی دونوں سے محفوظ رہ سکیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔