اسپین کے ورک ویزے کے نام پر فراڈ، انسانی اسمگلر گرفتار

لاہور / قصور: اسپین کے ورک ویزے کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والے انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم محمد عرفان کو قصور سے حراست میں لیا گیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ایک شہری سے اسپین ورک ویزے کے نام پر 50 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے۔
حکام کے مطابق ملزم شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور بعد ازاں روپوش ہو گیا تھا۔ تاہم خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ اس طرح کے عناصر سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک روزگار اور بہتر مستقبل کا جھانسہ دے کر بڑے پیمانے پر مالی نقصان پہنچاتے ہیں، اس لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ غیر قانونی ایجنٹس اور غیر رجسٹرڈ افراد سے محتاط رہیں۔
اس سے قبل بھی ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ساہیوال نے انسانی اسمگلنگ اور جعلی ویزا ایجنسیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک اور ملزم کو گرفتار کیا تھا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم قربان علی شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کے جعلی وعدے کر کے لوٹنے میں ملوث تھا، جس کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










