بدھ، 1-جولائی،2026
بدھ 1448/01/16هـ (01-07-2026م)

ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کارڈ جاری کیے جائیں گے، میئر کراچی

01 جولائی, 2026 09:43

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کے لیے پنشن کارڈز جاری کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جنہیں آئندہ مالی سال میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) ہیڈ آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ادارے کے ملازمین اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے متعدد اصلاحاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

میئر کراچی کے مطابق سٹی کونسل کی مزدور دوست پالیسی کے تحت کے ایم سی کے تقریباً 11 ہزار 500 ملازمین کو ہیلتھ انشورنس فراہم کی گئی ہے، جس کے بعد یہ ادارہ ملک کا پہلا مقامی حکومت کا ادارہ بن گیا ہے جس نے اپنے ملازمین کے لیے میڈیکل انشورنس پالیسی نافذ کی۔

انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت ملازمین کو ملک کے 200 سے زائد معروف اسپتالوں میں 1 لاکھ 50 ہزار روپے سے 6 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت حاصل ہوگی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی میں ملازمین کو علاج کے لیے سفارشات کا سہارا لینا پڑتا تھا، تاہم اب اس نظام کو ختم کر کے تمام ملازمین کے لیے یکساں سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

پنشن کارڈ کی تجویز

میئر کراچی نے بتایا کہ آئندہ مالی سال سے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے پنشن کارڈ جاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے ذریعے پنشن اور دیگر واجبات کی ادائیگی کے عمل کو مزید منظم اور شفاف بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم سی جلد مکمل طور پر ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام پر منتقل ہو جائے گا، اور یہ پہلا مقامی حکومتی ادارہ ہوگا جو ای-ٹرانسفر کے ذریعے تمام ادائیگیاں براہ راست ملازمین کے بینک اکاؤنٹس میں کرے گا۔

شفافیت اور جدید نظام

میئر کراچی کے مطابق اس نئے نظام کے ذریعے کاغذی کارروائی، تاخیر اور بدعنوانی کے امکانات میں کمی آئے گی جبکہ مالیاتی نظام میں شفافیت کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شہری املاک کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ایک خصوصی ویجی لینس اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے، جسے الیکٹرک بائیکس بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ کارروائیوں کو مؤثر بنایا جا سکے۔

شہر کی تاریخی عمارتوں کی بحالی

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے تاریخی ورثے کی بحالی کے منصوبے کے تحت کئی اہم عمارتوں کو ان کی اصل حالت میں بحال کیا گیا ہے۔

ان میں ہوتی مارکیٹ، ایمپریس مارکیٹ، ماچھی میانی مارکیٹ، فریئر مارکیٹ اور لی مارکیٹ شامل ہیں، جنہیں تجاوزات سے پاک کر کے دوبارہ خوبصورت بنایا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تاریخی عمارتوں خالق دینا ہال، کے ایم سی ہیڈ آفس اور ڈینسو ہال لائبریری کی بھی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے تاکہ شہر کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔