بدھ، 1-جولائی،2026
بدھ 1448/01/16هـ (01-07-2026م)

سندھ حکومت کا سرکاری جامعات کے طلبہ کے لیے 20 ہزار گوگل اسکالرشپس کا اعلان

01 جولائی, 2026 14:25

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سرکاری جامعات کے طلبہ کے لیے 20 ہزار گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ اسکالرشپس کا اعلان کردیا گیا۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں سندھ حکومت کے ڈیجیٹل تبدیلی کے ایجنڈے کو تیز کرنے کے لیے دو تاریخی پروگرام منعقد کیے گئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ اور اعلیٰ سرکاری افسران کے لیے ‘گوگل جیمنی اے آئی’ کی ایک اہم تربیتی نشست منعقد ہوئی، جبکہ انہوں نے ‘گوگل کیریئر سرٹیفکیشن پروگرام 2026’ کا افتتاح بھی کیا۔

اس موقع پر انہوں نے صوبے کی سرکاری جامعات کے طلبہ کے لیے 20 ہزار گوگل کیریئر سرٹیفکیٹ اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اقدامات محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن، گوگل اور ٹیک ویلی پاکستان کے مشترکہ اشتراک سے شروع کیے گئے ہیں، جن کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔

تقریب میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، معاونِ خصوصی برائے آئی ٹی محمد علی راشد، اور گوگل کے نمائندوں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ طاس معاہدہ 24 کروڑ عوام کی شہہ رگ ہے، ہر صورت تحفظ کریں گے، عطا اللہ تارڑ

سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کی حکومتیں پبلک سروس اور شفاف حکمرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی اپنا رہی ہیں اور یہ اقدام سندھ کے نوجوانوں کو مستقبل کے لیے تیار کرنے کی جانب ایک انقلابی سرمایہ کاری ہے۔

انہوں نے کابینہ اراکین کو ہدایت کی کہ وہ اس تربیتی سیشن میں بھرپور حصہ لیں تاکہ پیچیدہ انتظامی امور، صحت، تعلیم، زراعت اور قانون کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت کو عوامی فلاح کے لیے استعمال کیا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ اے آئی تیز رفتار فیصلے کرنے میں ایک بہترین معاون ٹیکنالوجی ہے لیکن یہ انسانی فیصلوں کا متبادل نہیں ہو سکتی، اور قیادت و احتساب کی ذمہ داری ہمیشہ منتخب نمائندوں پر ہی رہے گی۔

انہوں نے حساس سرکاری معلومات کے تحفظ اور ٹیکنالوجی کو اخلاقی و محفوظ انداز میں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان اسکالرشپس کے تحت طلبہ کو سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا اینالیٹکس اور اے آئی جیسے جدید شعبوں میں عالمی معیار کے سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے، اور اس پروگرام میں خواتین، خصوصی افراد اور پسماندہ طبقات کے طلبہ کی شمولیت کو ترجیح دی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔