جمعرات، 2-جولائی،2026
بدھ 1448/01/16هـ (01-07-2026م)

ایف بی آر کا بڑا ایکشن: منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت فارما کمپنی بی ایچ پی کے خلاف مقدمہ درج

01 جولائی, 2026 21:19

اسلام آباد: وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت فارما کمپنی بی ایچ پی اور اس کے مبینہ ذمہ داران کے خلاف بڑا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں مبینہ طور پر 15 ارب روپے کی منی لانڈرنگ اور 4 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد کی ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے۔

دستاویزات کے مطابق مقدمے میں طارق امین، ارم آفاق، فیروز عالم اور محمد عباس کو نامزد کیا گیا ہے۔ ان پر سپر ٹیکس، ڈیفالٹ سرچارج اور جرمانوں سے متعلق مبینہ خلاف ورزیوں کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

ایف بی آر نے منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ دورانِ تفتیش ملزمان کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے منجمد کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر متعلقہ اثاثوں کو مبینہ طور پر "جرم کی آمدن” تصور کیا جا رہا ہے۔ مزید برآں، اگر تحقیقات کے دوران اضافی اثاثے سامنے آئے تو متعلقہ عدالت کو آگاہ کیا جائے گا۔

ایف بی آر کے مطابق کیس کی تحقیقات جاری ہیں اور دستیاب شواہد کی روشنی میں متعلقہ قوانین کے تحت مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ مقدمہ درج ہونا الزامات کا مرحلہ ہے، جن کا حتمی تعین عدالت میں قانونی کارروائی کے بعد ہوگا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔